اتوار,  15 مارچ 2026ء
نیویارک میں پاکستانی سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گرینڈ سحری، کمیونٹی شخصیات اور نوجوانوں کی بڑی شرکت

 نیویارک (روشن پاکستان نیوز): پاکستانی سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (PSA) کے زیر اہتمام لانگ آئی لینڈ کے ایک معروف ریسٹورنٹ میں ایک پروقار ’گرینڈ سحری پروگرام‘ منعقد کیا گیا، جس میں نیویارک کی ممتاز سماجی، مذہبی اور سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ طلباء اور نوجوان پیشہ ور افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے روحِ رواں اور چیف آرگنائزر چوہدری فیصل محمود کی قیادت میں انتظامی کمیٹی، جس میں مکرم طاہر، اسامہ مدثر، فہد بٹ اور نمرہ شیخ شامل تھے، نے اس پروگرام کو روحانیت اور سماجی شعور کے امتزاج کے طور پر پیش کیا۔ تقریب کا مقصد رمضان المبارک کی برکتوں کو سمیٹنے کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کو ان کے مستقبل اور سماجی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا تھا۔

پروگرام کے آغاز میں سید تصور الحسن گیلانی (ڈائریکٹر آلِ رسول اسلامک سینٹر نیویارک) نے دعا کروائی اور نوجوانوں کو اپنی زندگیوں میں اسلامی اقدار اور روحانیت کو اپنانے کی تلقین کی۔

اس موقع پر معروف اسکالر اور کمیونٹی لیڈر عتیق الرحمن قادری (صدر PACOLI) نے خطاب کرتے ہوئے مذہبی قیادت اور کمیونٹی تنظیم سازی کے باہمی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور PSA کی کاوشوں کو اتحادِ امت کی بہترین مثال قرار دیا۔

تقریب میں خصوصی شرکت کرنے والے محمد ولی بلوچ، جو کراچی سے پاکستان کی قومی اسمبلی کے کم عمر ترین امیدوار رہے ہیں، نے “یوتھ لیڈرشپ اسپاٹ لائٹ” کے تحت نوجوانوں کو پاکستان کی سیاست اور سماجی خدمات میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ہی پاکستان کے مستقبل کی سمت متعین کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر چوہدری فیصل محمود نے کہا کہ یہ اجتماع صرف ایک روایتی سحری نہیں بلکہ اتحاد اور بیداری کی ایک کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد نوجوان نسل کو علماء اور کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا تھا تاکہ وہ روحانی رہنمائی کے ساتھ ساتھ سماجی اور سیاسی طور پر بھی بااختیار بن سکیں۔

پروگرام کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں روایتی سحری کا اہتمام کیا گیا، جہاں کمیونٹی کے مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستانی سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (PSA) نیویارک میں مقیم پاکستانی نژاد طلباء کی نمائندہ تنظیم ہے جو تعلیمی و سماجی معاونت، ثقافتی ورثے کے فروغ اور نوجوان قیادت کی تربیت کے لیے سرگرم عمل ہے۔

مزید خبریں