اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما زاہد ملک نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی سلامتی سے متعلق اِن کیمرہ بریفنگ میں شرکت نہ کرنے پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں زاہد ملک نے کہا کہ قومی سلامتی جیسے نہایت اہم اور حساس معاملے پر اِن کیمرہ بریفنگ اجلاس میں شرکت سے گریز کرنا انتہائی غیر سنجیدہ اور افسوسناک طرزِ عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مواقع پر تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر قومی یکجہتی اور ریاستی مفاد کو ترجیح دیں۔
عمران خان سے ملاقات تک حکومتی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے: پی ٹی آئی نے شرط رکھ دی
انہوں نے کہا کہ عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ جب معاملہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور مستقبل کا ہو تو سیاست کو کیوں حاوی کر دیا جاتا ہے۔ قومی سلامتی پر بریفنگ میں عدم شرکت قومی اتفاقِ رائے کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
زاہد ملک نے مزید کہا کہ تمام سیاسی قوتوں، بالخصوص پاکستان تحریک انصاف، کو چاہیے کہ وہ ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی ہوں اور سنجیدہ فورمز پر اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔
انہوں نے زور دیا کہ قومی سلامتی کے معاملات پر سیاست نہیں بلکہ یکجہتی کی ضرورت ہے۔











