پیرس (روشن پاکستان نیوز) فرانس نے کہا ہے کہ اس کے رافیل طیارے نے یو اے ای کی طرف بڑھتے ایرانی ڈرونز مار گرائے ہیں۔
فرانسیسی وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ رافیل طیاروں نے متحدہ عرب امارات کی جانب بڑھنے والے ایرانی ڈرونز کو مار گرایا، یو اے ای میں فرانسیسی بحریہ، فضائیہ اور بری فوج کے سیکڑوں اہلکار تعینات ہیں۔
ابوظبی کے قریب الظفرہ بیس پر تعینات رافیل طیارے ایرانی حملوں سے دفاع کے لیے فضائی نگرانی پر تعینات ہیں۔
قبل ازیں یو اے ای وزارت دفاع نے کہا تھا کہ انھوں نے 3 بیلسٹک میزائل اور 129 ڈرونز کو اپنے ہوائی دفاعی نظام کے ذریعے روکا ہے، جب کہ 8 ڈرون امارات کی سرزمین پر گرے۔
امریکی صدر کی فرانسیسی صدر کو دھمکی
خیال رہے کہ فرانس نے متحدہ عرب امارات میں فضائی سلامتی کے آپریشنز کے لیے رافیل لڑاکا طیارے تعینات کیے ہیں، اس مشن کا مقصد یو اے ای میں واقع فرانسیسی فوجی اڈے کی حفاظت کرنا ہے، جہاں فرانسیسی فوجی تعینات ہیں۔ یہ تعیناتی براہِ راست اس ڈرون حملے کے جواب میں کی گئی ہے جس میں 1 مارچ 2026 کو فرانسیسی اڈے کے ایک ہینگر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ادھر قطر کی فوج نے بھی کہا ہے کہ آج صبح سویرے ایران کی جانب سے 10 ڈرونز اور 2 کروز میزائلوں کے ذریعے اسے نشانہ بنایا گیا، تاہم اس کے تمام پروجیکٹائلز کو اس کی افواج نے روک لیا۔











