نیودہلی(روشن پاکستان نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز ابھیشیک شرما معدے کے انفیکشن کے باعث اسپتال میں داخل ہوگئے ہیں جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نمیبیا،پاکستان اور گروپ میں شامل دیگر ٹیموں کے خلاف ان کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھیشیک شرما کی طبیعت امریکا کے خلاف میچ سے قبل ہی خراب ہونا شروع ہو گئی تھی، تاہم انہوں نے اس کے باوجود میچ میں شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ کے بعد ان کی حالت مزید بگڑ گئی جس کے باعث انہیں فوری طور پر نئی دہلی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
پاک بھارت میچ، آئی سی سی کا اہم بیان آ گیا
رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد بتایا کہ انہیں معدے میں انفیکشن ہے، جبکہ تیز بخار کے باعث انہیں فوری طور پر ڈرپس بھی لگائی گئیں۔ اسپتال میں ان کے مختلف طبی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ انفیکشن کی نوعیت اور شدت کا درست اندازہ لگایا جا سکے اور اسی کے مطابق علاج جاری رکھا جائے۔
ابھیشیک شرما ٹیم کے پریکٹس سیشن میں بھی شریک نہیں ہو سکے۔ وہ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہونے والی ٹیم کی ٹریننگ میں غیر حاضر رہے جس کے بعد ان کی فٹنس کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ انہیں آج اسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا یا نہیں۔ اسی غیر یقینی صورتحال کے باعث نمیبیا کے خلاف میچ میں ان کی شرکت کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں۔
موجودہ صورتحال کے پیش نظر بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے احتیاطی اقدام کے طور پر آل راؤنڈر واشنگٹن سندر کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے تاکہ اگر ابھیشیک شرما میچ کے لیے دستیاب نہ ہوں تو ٹیم کو متبادل کھلاڑی کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ٹیم انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم شائقین کرکٹ ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔











