اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)معروف پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان مشی خان نے اپنی ڈاگ شیلٹر کی تعمیر و مرمت کے لیے خود ہی اقدامات اٹھائے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں مشی خان کو بلڈنگ میٹریل سٹور پر دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ اپنی گاڑی میں ریت کی پانچ بوریاں اور سیمنٹ کا تھیلا لاد رہی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس وقت سامان پہنچانے کے لیے سوزوکی دستیاب نہیں تھی، اس لیے انہوں نے صبح کا انتظار کیے بغیر اپنی ہی گاڑی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔ مشی خان نے کہا کہ انہیں اگلے دن ایک عید شو کی ریکارڈنگ کے لیے جانا ہے، اس لیے انہوں نے چاہا کہ ورکرز کے پاس تمام ضروری سامان آج ہی پہنچ جائے تاکہ صبح سویرے کام شروع کیا جا سکے۔
مشی خان نے مداحوں کو بھی پیغام دیا کہ اپنے کام وقت پر مکمل کریں اور ٹال مٹول سے کام نہ لیں۔ انہوں نے اس سرگرمی کو اپنی زندگی کا ایک غیر گلیمرس (non-glamorous) پہلو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس کام سے بے حد محبت کرتی ہیں۔











