راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) رکنِ قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سحر کامران نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سحر کامران نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہے جو پوری دنیا کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور طاقتور ممالک کو فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے صورتحال کو کنٹرول کرنا چاہیے۔ مسائل کا حل جنگ میں نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارت کاری میں ہے۔
سحر کامران نے مزید کہا کہ عالمی قوانین اور ریاستی خودمختاری کا احترام ناگزیر ہے، کیونکہ جنگ صرف تباہی، دکھ اور عدم استحکام لاتی ہے۔ اگر دنیا حقیقی امن چاہتی ہے تو جارحیت کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے لیے انصاف اور انسانی حقوق کا تحفظ لازم ہے۔ اقوامِ متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنا مؤثر کردار ادا کرے تاکہ خطے میں جاری کشیدگی کو ختم کیا جا سکے۔
“امن کوئی خواب نہیں بلکہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے”، سحر کامران نے زور دے کر کہا۔
مزید پڑھیں: میڈیا قومی ترقی کا ضامن اور جھوٹی معلومات کے خلاف پہلی دفاعی لائن ہے: سحر کامران