راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر نے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ بلوچستان کبھی پاکستان سے علیحدہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نہ صرف پاکستان کی معیشت اور ثقافت کا حصہ ہے بلکہ اس کی ترقی دشمن عناصر کو ایک آنکھ نہیں بھاتی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری نے ہلال ٹاکس کے تحت منعقدہ ایک فکری و علمی نشست میں شرکت کی، جس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے 1950 اساتذہ کرام شریک ہوئے۔ پروگرام کا مقصد سوشل میڈیا پر ملک دشمن عناصر کے پھیلائے گئے گمراہ کن بیانیے اور ان کے مذموم عزائم سے اساتذہ کو آگاہ کرنا تھا تاکہ وہ نئی نسل کو مؤثر انداز میں رہنمائی فراہم کر سکیں۔
پروگرام میں ممتاز تعلیمی شخصیات اور معروف صحافیوں نے بھی شرکت کی اور ڈی جی آئی ایس پی آر سے سیر حاصل مکالمہ کیا۔
احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کی سرپرستی کر رہا ہے اور وہ خطے میں عدم استحکام کی بنیادی جڑ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان کے ایجنٹ بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں اور دہشتگرد بھارت سے تربیت اور مالی مدد حاصل کرتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا مقابلہ گولی سے نہیں بلکہ تعلیم، روزگار اور ترقی سے ممکن ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی لاشوں پر سیاست کرنے والے، درحقیقت ان کے سہولت کار ہیں۔
ڈی جی نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ کشمیر پاکستان کا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی اسٹریٹیجک غلط فہمیاں خاک میں مل چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور عوام کے درمیان کوئی فاصلہ نہیں اور فوج ہر محاذ پر عوام کے ساتھ کھڑی ہے، چاہے وہ پولیو مہم ہو یا دہشتگردی کے خلاف جنگ۔
مزید پڑھیں: پاکستان امریکا کیساتھ دیرینہ شراکت داری کو مزید گہرا کرنا چاہتا ہے، آرمی چیف
پروگرام کے اختتام پر اساتذہ نےہلال ٹاکس جیسے علمی و فکری پروگرامز کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے کو جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی۔