اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی سب کمیٹی کا اجلاس رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کی زیر صدارت فیڈرل گورنمنٹ ہاؤسنگ اتھارٹی کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم این اے سیما محی الدین جمیلی، سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈائریکٹر لینڈ، ڈی سی، ڈائریکٹر لا، چیف انجینئر، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
انجم عقیل خان نے اجلاس کے دوران کہا کہ ہاؤسنگ اتھارٹی کے تحت چلنے والے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے، تاخیر کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکٹر G-14/1 اور G-15 کے متاثرین کے مسائل حل کرنے کے لیے متاثرین اور اتھارٹی پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں جو 45 دن کے اندر اپنی رپورٹ جمع کرائیں گی۔
انجم عقیل نے سیکٹر F-14 اور F-15 کے مسائل کے حل کے لیے بھی متاثرین کی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ بیلٹنگ کے بعد الاٹمنٹ لیٹر جاری کیے جائیں، جبکہ مزید بیلٹنگ بھی کی جائے۔ جو متاثرین پلاٹ کے بجائے رقم لینا چاہتے ہیں، انہیں قانون کے مطابق ادائیگی کی جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ اگر سیکٹر F-12 اور G-12 کو حاصل کرنے میں سنجیدگی ہے تو واضح لائحہ عمل پیش کیا جائے اور کسی بھی غیر شفاف عمل کو روکا جائے۔
انجم عقیل خان نے ہدایت کی کہ تمام سیکٹرز کی فوری ترقیاتی کام شروع کیے جائیں تاکہ الاٹیز کو ان کے حقوق بروقت مل سکیں۔ انہوں نے سیکٹر G-13 اور G-14 میں فلیٹس کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے تاخیر کی وجوہات اور ذمہ داران کی نشاندہی کرنے کا مطالبہ کیا۔