اسلام آ باد (روشن پاکستان نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے مزید 2 الیکشن ٹربیونلز کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ای سی پی کے مطابق اسلام آباد اور خیبرپختونخوا (کے پی) میں شکایات ٹربیونلز قائم کیے گئے ہیں، کے پی میں 5 الیکشن ٹربیونلز قائم کیے گئے ہیں۔
ای سی پی نے اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) کے جسٹس طارق جہانگیری پر مشتمل ٹریبونل تشکیل دے دیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں پہلا ٹربیونل جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل ہے جبکہ مینگورہ ٹریبونل میں جسٹس محمد نعیم انور درخواستوں کی سماعت کریں گے۔
ای سی پی کے مطابق ایبٹ آباد سے متعلق شکایات کی سماعت جسٹس اعجاز خان پر مشتمل ٹریبونل کرے گا جب کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹریبونل کی سماعت جسٹس فضل سبحان کریں گے۔
ای سی پی کے مطابق خیبرپختونخوا کا پانچواں ٹریبونل جسٹس کامران حیات پر مشتمل ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ اور بلوچستان کے لیے الیکشن ٹربیونل پہلے ہی قائم کر چکا ہے جب کہ پنجاب میں الیکشن ٹریبونل کے لیے تاحال نام موصول نہیں ہوئے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب میں الیکشن ٹربیونل کے قیام کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو ایک بار پھر خط لکھ دیا ہے۔