لاہور (روشن پاکستان نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ڈائریکٹرز سے ملاقات میں بورڈ کے وسائل بڑھانے کا پلان مانگ لیا۔
لاہور میں ڈائریکٹرز سے ملاقات میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو تمام ڈائریکٹرز نے اپنے محکموں کی کارکردگی اور متعلقہ امور سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں چیئرمین محسن نقوی نے تمام شعبوں کو موثر بنانے پر زور دیا اور بورڈ کے وسائل میں اضافے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے کا کہا۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے ریونیو جنریشن کے لیے قابل عمل پلان بنایا جائے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو بہتر بنایا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو مزید سہولیات میسر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ کے لیے ہر سطح پر جامع حکمت عملی مرتب کی جائے اور پی سی بی کو ایک صف اول کا ادارہ بنانے کے لیے تمام تر کوششیں کی جائیں۔
چیئرمین پی سی بی نے ڈائریکٹرز مارکیٹنگ، اسٹیٹ اینڈ کمرشل کو ریونیو جنریشن پلان تیار کرنے کا ٹاسک دیا جب کہ اجلاس میں پی ایس ایل کو مزید دلچسپ بنانے اور خواتین کرکٹرز کے لیے پی ایس ایل شروع کرنے کے لیے تجاویز بھی دی گئیں۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ایچ آر نے پی سی بی کے ڈھانچے اور ملازمین کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔ محسن نقوی نے بورڈ کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔