واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عالمی قوانین کے مبینہ سیاسی استعمال پر تنقید کرتے ہوئے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے قوانین نافذ کرنے کی کوشش نہ کرے جنہیں امریکا تسلیم نہیں کرتا۔
فیڈرلِسٹ سوسائٹی کے نیشنل لائرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے روبیو نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کو بعض بااثر طبقات اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی فوجداری عدالت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلواریں رکھنے والوں کے سامنے قوانین کا حوالہ دینے سے گریز کرنا چاہیے۔
دوسریِ جنگِ عظیم کی کانفرنس سے موازنہ: چین میں ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی ملاقات کیوں اہم ہے؟
روبیو نے الزام عائد کیا کہ ہیگ میں قائم عدالت واشنگٹن پر ایسے قانونی ضابطے نافذ کرنے کی کوشش کر رہی ہے جنہیں امریکا نے تسلیم نہیں کیا۔
روبیو کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا نے تقریباً ایک ماہ قبل عالمی فوجداری عدالت پر نئی پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔ واشنگٹن نے اس وقت عدالت کے کام کو شدید متاثر کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
عالمی فوجداری عدالت سنگین ترین جرائم اور مظالم کے الزامات کا سامنا کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرتی ہے۔ یہ عدالت ان حالات میں آخری قانونی فورم کے طور پر کام کرتی ہے جہاں متعلقہ ممالک میں احتساب کے لیے مؤثر قانونی نظام موجود نہ ہو۔
امریکا نے اس معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت عالمی فوجداری عدالت قائم کی گئی، تاہم اس نے روم معاہدے کی توثیق نہیں کی اور اس طرح عدالت کا رکن نہیں بنا۔ اسرائیل، روس اور چین بھی آئی سی سی کے رکن ممالک میں شامل نہیں ہیں۔











