تولیڈو(روشن پاکستان نیوز) اسپین کے وسطی علاقے تولیڈو میں دو تیز رفتار ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق حادثہ بدھ کی صبح اُردا کے قریب میڈرڈ سے جنوبی علاقے اندلس جانے والی ریلوے لائن پر پیش آیا۔
حادثے میں اسپین کی سرکاری ریلوے کمپنی رینفے اور نجی کمپنی ایریو کی ٹرینیں شامل تھیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ٹرین پٹری پر رکی ہوئی تھی کہ پیچھے سے آنے والی دوسری ٹرین اس سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایریو ٹرین کے دو ڈبے پٹری سے اتر کر پشتے سے نیچے جا گرے۔
راجن پور میں خوفناک حادثہ، مسافر بس الٹنے سے 9 افراد جاں بحق، 36 زخمی
دونوں ٹرینوں میں مجموعی طور پر 544 مسافر سوار تھے۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ مقامی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
حادثے کے باعث میڈرڈ اور جنوبی اسپین کے درمیان تیز رفتار ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم حادثے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔











