لندن(روشن پاکستان نیوز) ہنری نوواک کے قتل کے جرم میں عمر قید پانے والے وکرم ڈگوا نے اپنی سزا اور جرم ثابت ہونے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی درخواست دے دی ہے۔
ڈگوا کو گزشتہ سال 3 دسمبر کو ساؤتھمپٹن میں 18 سالہ ہنری نوواک کو چاقو کے وار سے قتل کرنے کے جرم میں جون میں عمر قید سنائی گئی تھی، جبکہ اسے کم از کم 21 سال جیل میں گزارنے ہوں گے۔
برطانیہ کی اپیل عدالت کے مطابق ڈگوا نے سزا اور فیصلے دونوں کے خلاف اپیل کی درخواست دی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے بھی سزا کو غیر معمولی طور پر کم قرار دے کر اس میں اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔
ہنری نوواک قتل کیس: وِکرَم دِگوا کو سزا کے بعد سکھ کمیونٹی کا ردِعمل سامنے آگیا
اپیل کی سماعت یا سزا میں اضافے کی درخواست کے لیے ابھی کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی، جبکہ ڈگوا کے مؤقف کی تفصیلات بھی سامنے نہیں آئیں۔
واقعے کے بعد ڈگوا نے پولیس کو غلط بتایا تھا کہ وہ نسل پرستانہ حملے کا نشانہ بنا ہے۔ دوسری جانب پولیس اہلکاروں کی جانب سے زخمی ہنری نوواک کو فوری طبی امداد نہ دینے کے معاملے کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نگرانی کے آزاد ادارے نے دو اہلکاروں کے خلاف ممکنہ سنگین بدانتظامی کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے ہنری نوواک کی طبی حالت کو بروقت نہیں سمجھا اور ابتدائی طبی امداد دینے کے بجائے انہیں ہتھکڑی لگا دی۔











