لندن(روشن پاکستان نیوز) سموکیت کے گرو نانک گوردوارہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں سکھ فیڈریشن برطانیہ کے ترجمان جس سنگھ نے ہنری نوواک کے قتل کے مقدمے میں وِکرَم دِگوا کو سنائی جانے والی سزا کے بعد تفصیلی بیان دیا۔
انہوں نے کہا کہ سکھ کمیونٹی اس واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے اور وِکرَم دِگوا نے نہ صرف ایک سنگین جرم کا ارتکاب کیا بلکہ عدالت میں جھوٹے بیانات دے کر معاملے کو مزید پیچیدہ بنایا۔ ان کے مطابق اس نے غلط راستہ اختیار کیا اور اسے ابتدا ہی میں اپنے جرم کا اعتراف کر لینا چاہیے تھا۔
ہینری نوواک کیس کے بعد برطانیہ میں کرپان اور چاقو قوانین پر نئی بحث چھڑ گئی
جس سنگھ نے مزید کہا کہ کمیونٹی کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ اس نوعیت کے اقدامات کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہیں اور ایسے افراد کو قانون کے مطابق اپنی سزا بھگتنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اب وِکرَم دِگوا کو اپنی 21 سالہ سزا پوری کرنی ہوگی۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے ہنری نوواک کے اہلِ خانہ سے گہرے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ایک المناک واقعہ ہے جس نے پوری کمیونٹی کو متاثر کیا ہے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ سکھ تعلیمات ہمیشہ امن، برداشت اور انسانی جان کے احترام کا درس دیتی ہیں، اور اس واقعے کو کسی صورت مذہب سے جوڑنا درست نہیں۔











