منگل,  30 اپریل 2024ء
پاکستان نے معیشت کے استحکام کے حوالے سے خاطر خواہ پیش رفت کی ہے ،امریکا

واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز)واشنگٹن: امریکا نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان آئندہ ہونے والے قرض معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستانی وزیر خزانہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک سے ملاقاتوں کیلیے یہاں موجود ہیں، پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کیلیے پیشرفت کر رہا ہے۔

میتھیو ملر نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلیے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات کی حمایت کرتے ہیں، پاکستانی کی معاشی کامیابی کیلیے ہماری حمایت جاری رہے گی، تکنیکی معاہدوں کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کے ذریعے رابطے جاری رکھیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران ترجمان محکمہ خارجہ سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اشتعال انگیز بیانات پر سوالات کیا گیا کہ مودی نے کہا ہے وہ دوسرے ملکوں میں موجود دہشتگردوں کو نشانہ بنائیں گے، کیا مودی نے ایک طرح کینیڈا، امریکا اور پاکستان میں لوگوں کو قتل کرنے کا الزام قبول کیا؟ کیا امریکا کو بھارتی وزیر اعظم کے اس طرح کے بیانات پر تشویش ہے؟

اس پر میتھیو ملر نے کہا کہ امریکا اس طرح کے بیانات کے بیچ میں نہیں آئے گا، پاکستان  اور بھارت کو کشیدگی سے گریز کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، پاکستان اور بھارت بات چیت کے ذریعے حل تلاش کریں۔

ان سے سوال کیا گیا کہ ماضی میں امریکا قاتلانہ حملوں میں ملوث غیر ملکیوں پر پابندی عائد کر چکا ہے، بھارت کے خلاف ایسے اقدامات میں نرمی کی کیا وجہ ہے؟

اس پر ترجمان نے جواب دیا کہ میں یہاں پر کسی قسم کی پابندیاں عائد کرنے پر بات نہیں کروں گا، پابندیاں آ رہی ہیں یا نہیں ہم اس پر بات نہیں کرتے۔

یاد رہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف سے نئے پروگرام پر بات چیت کیلیے امریکا میں موجود ہیں جہاں آج انہوں نے جی 24 وزرائے خزانہ اور بینک گورنرز اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی پاکستان کو دی جانے والی امداد کو سراہا گیا۔

اجلاس میں ٹیکسیشن، توانائی، نجکاری اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ نجی شعبے میں سرمایہ کاری اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلیے تعاون پر زور دیا گیا۔

علاوہ ازیں، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلیے ایڈاپٹیشن فنڈ سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور وزیر خزانہ نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلیے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News