جمعرات,  12 دسمبر 2024ء
زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میں شکست، پاکستان نے سیریز برابر کردی

بلاوائیو(روشن پاکستان نیوز) بلاوائیو میں  دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست سے دوچار کردیا۔

زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 146 رنز کا ہدف دیا، پاکستان نے صائم ایوب کی شاندار سنچری کی بدولت ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔

صائم ایوب نے ون ڈے کیرئیر کی پہلی سنچری بنائی ،انہوں نے 53گیندوں پر سنچری بنائی جس میں 16چوکے، 3چھکے شامل تھے۔

قبل ازیں میزبان ٹیم زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

زمبابوے کا پہلا کھلاڑی 6 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گیا۔ جوئے لورڈ گمبی 5 رنز بنا کر ابرار احمد کے گیند پر بولڈ ہوئے۔ دوسری وکٹ 23 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی۔ توانداناشے مارومانی 2 گیندوں پر 4 رنز بنا کر جلد ہی پویلین ہو گئے۔

زمبابوے کو 61 کے مجموعی اسکور پر تیسری وکٹ کا نقصان ہوا۔ ڈیون مائرز 33 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ چوتھی وکٹ 68 کے مجموعی اسکور پر گری۔ کپتان کریگ ایروائن 35 گیندوں پر 18 رنز بنا کر محمد رضوان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

میزبان ٹیم کی پانچویں وکٹ 97 کے مجموعی اسکور پر گری۔ سکندر رضا 17 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 121 کے مجموعی اسکور پر 6 وکٹ بھی گر گئی اور جلد ہی زمبابوے کا ساتواں کھلاڑی بھی 121 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گیا۔

برائن بینیٹ 14 رنز، رچرڈ نگروا 2 رنز، بلیسنگ مزاربانی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ زمبابوے کی پوری ٹیم33 ویں اوورز میں ہی آؤٹ ہو گئی۔

مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی، بابراعظم سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے

پاکستان باؤلر ابرار احمد نے 4 اور سلمان آغا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ اسپنر فیصل اکرم اور صائم ایوب ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹاس جیتتے توہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے۔ نمی کے باعث پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف بھی پہلا میچ ہار کر پھر سیریز جیت گئے۔ ابرار احمد اور طیب طاہر آج ڈیبیو کر رہے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ ان کے علاوہ ٹیم میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، طیب طاہر، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، عامر جمال، حارث رؤف، ابرار احمد، اور فیصل اکرم شامل ہیں۔

زمبابوے کرکٹ ٹیم کی قیادت کریگ ایروائن کر رہے ہیں۔ جبکہ ان کی ٹیم میں برائن بینیٹ، جویلورڈ گمبی، ٹریور گوانڈو، توانداناشے مارومانی، برینڈن ماوتا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگروا، ڈیون مائرز، سکندر رضا اور سین ولیمز شامل ہیں۔

مزید خبریں