اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں “معرکۂ حق” اور “آپریشن بنیان المرصوص” کی تاریخی کامیابیوں کے تناظر میں افواجِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں دفاعی، اسٹریٹجک اور سکیورٹی تجزیہ کاروں، حریت رہنماؤں، دانشوروں، سیاسی و سماجی شخصیات اور نوجوانوں سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت، قربانیوں اور قومی سلامتی کے لیے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ریٹائرڈ میجر جنرل سمریز سالک تھے جبکہ ڈاکٹر سید محمد علی اور ڈاکٹر ختم عباس نے بھی خصوصی شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ افواجِ پاکستان نے “معرکۂ حق” اور “آپریشن بنیان المرصوص” کے دوران غیر معمولی حکمت عملی اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ ان کے مطابق ان کارروائیوں نے نہ صرف پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو اجاگر کیا بلکہ عالمی سطح پر طاقت کے توازن اور خطے کی صورتحال پر بھی اثر ڈالا۔
ریٹائرڈ میجر جنرل سمریز سالک نے کہا کہ بھارت نے داخلی صورتحال کو دیکھتے ہوئے جارحیت کی کوشش کی، تاہم پاکستان نے بھرپور جواب دیتے ہوئے عسکری اور سفارتی دونوں محاذوں پر کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائیہ نے دشمن کے طیاروں کو نشانہ بنا کر اپنی برتری ثابت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر محض سرحدی تنازع نہیں بلکہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
ڈاکٹر سید محمد علی نے کہا کہ یہ معرکے دراصل کشمیر کے مقدمے سے جڑے ہوئے ہیں اور پاکستان کی دفاعی قوت نے خطے میں طاقت کا توازن بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان نے مؤثر انداز میں اپنا مؤقف پیش کیا۔
غلام محمد صفی نے اپنے صدارتی خطاب میں افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنی مسلح افواج کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔











