بریڈ فورڈ(روشن پاکستان نیوز) بریڈ فورڈ میں قونصلیٹ آف پاکستان کے زیر اہتمام “معرکۂ حق” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیاسی و کاروباری شخصیات، قونصلیٹ حکام، میڈیا نمائندگان اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے ملی جذبے کے ساتھ شرکت کی۔
تقریب کی نظامت زائد مرزا نے انجام دی۔
اپنے خصوصی خطاب میں قونصل جنرل زاہد خان جتوئی نے کہا کہ یہ اجتماع پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بے مثال ہمت، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ملک کے پرچم کی لاج رکھی۔
انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کے جذبۂ حب الوطنی اور قومی یکجہتی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی ہمیشہ ملک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
برطانیہ کے بلدیاتی انتخابات: لیبر پارٹی کو بڑا دھچکا، ریفارم یو کے کی غیرمعمولی پیش رفت
دیگر شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “آپریشن بنیان المرصوص” کے دوران پاک فوج کا جواب نہ صرف فوری بلکہ انتہائی مؤثر تھا، جس نے دنیا پر واضح کیا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ مل کر ناقابلِ تسخیر ہے۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ “معرکۂ حق” کا جذبہ آئندہ بھی قوم کو متحد رکھنے اور پاکستان کے استحکام کا باعث بنتا رہے گا۔











