اسلام آباد(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 9 مختلف کارروائیوں میں 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران 67 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 56.70 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ تعلیمی اداروں کے قریب کی جانے والی کارروائیوں میں لانڈھی کراچی کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ ڈرائی پورٹ چوک سیالکوٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 300 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں جن کا وزن 182 گرام تھا۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار
چناب ٹول پلازہ گجرات کے قریب ایک ٹرک سے 1.070 کلوگرام آئس اور 280 گرام ویڈ برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ریلوے اسٹیشن اٹک کے قریب ایک گاڑی سے 80 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں جبکہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
دیگر کارروائیوں میں جناح ایئرپورٹ کراچی پر بحرین جانے والے مسافر کے جوتوں سے 330 گرام آئس برآمد کی گئی۔ صدر کراچی اور آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع کوریئر دفاتر میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسلز سے مجموعی طور پر تقریباً 2 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جو جم ایکوپمنٹ میں چھپائی گئی تھی۔
اسلام آباد کے کہوٹہ روڈ پر ایک پٹرول پمپ کے قریب گاڑی سے 38.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ رنگ روڈ پشاور کے قریب ایک گاڑی سے 12 کلوگرام افیون برآمد کر کے 2 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











