جمعرات,  05 دسمبر 2024ء
جہانگیر ترین نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کیوں کیا؟

اسلام آباد(روشن پاکستا ن نیوز)استحکام پاکستا ن پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر خان ترین نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس ” پر جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس الیکشن میں میری حمایت کی اور اپنے مخالفین کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔

ترین نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میں پاکستانی عوام کی مرضی کا بے پناہ احترام کرتا ہوں۔ اس لیے میں نے آئی پی پی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور سیاست سے یکسر کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آئی پی پی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ اللہ کے فضل و کرم سے میں ذاتی حیثیت میں اپنی صلاحیت کے مطابق اپنے ملک کی خدمت کرتا رہوں گا۔آئندہ چند سالوں میں پاکستان کو ترقی کی منازل طے کرنے کا موقع ملے گا۔

خیال رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)کے سربراہ جہانگیر ترین کو قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔قومی اسمبلی کی نشست این اے 155 لودھراں 2 کے تمام 369 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم (ن) لیگ کے صدیق خان بلوچ 117671 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ جہانگیر ترین 71128 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

اسی طرح این اے 149 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ملک عامر ڈوگر 143613 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین 50166 ووٹ ہی لے سکے۔اسی حلقے سے پیپلز پارٹی کے رضوان ہانس 14625 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔عبدالعلیم خان نے جہانگیر خان ترین کے استحکام پاکستان پارٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے فیصلے سے دلی طور پر دکھ ہوا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ جہانگیر خان ترین اعلیٰ پائے کے پروفیشنل ہیں۔ ان کا کسی بھی حکومت میں ہونا اُس حکومت کیلئے اعزاز کی بات ہے۔

مزید پڑھیں: مزید نشستیں مل گئیں تو اکیلے حکومت بنائیں گے، لطیف کھوسہ

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر نے کہا کہ بد قسمتی سے کوئی حکومت بھی جہانگیر خان ترین کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ جہانگیر خان ترین کو بطور چھوٹا بھائی اور صدر آئی پی پی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ آئی پی پی اور ہم سب کے سرپرست اعلیٰ رہیں گے۔اُن کی فلاحی سرگرمیاں بھی لائق تحسین ہیں۔ سیاست سے ہٹ کر وہ درد دل رکھنے والی شخصیت ہیں۔ اللہ تعالیٰ جہانگیر خان ترین کو صحت و سلامتی اور ہمیشہ کامیابی سے ہمکنار کرے۔

مزید خبریں