پیر,  07 اکتوبر 2024ء
ایک شخص خود کو چوتھی بار وزیر اعظم مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بلاول بھٹو

چھاچھرو(روشن پاکستان نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ایک شخص خود کو چوتھی بار وزیر اعظم مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

چھاچھرو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ الیکشن 8 فروری کو ہونے جا رہے ہیں لیکن عوام نے اپنا فیصلہ آج ہی سنادیا ہے، میں تھر کے عوام کے ساتھ ہوں، مجھے بہت خوشی ہورہی ہے، میں آپ کا ہوں اور آپ میرے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میاں صاحب نے غلط بیانی کی کہ تھرکول منصوبہ انہوں نے دیا، اگر تھرکول منصوبہ نواز شریف نے شروع کیا ہوتا تو وہ یہاں جلسہ کرتے، پیپلزپارٹی نے روزگار کے لیے تھرکول منصوبہ شروع کیا تھا، 8 فروری کے بعد تھرکول منصوبے پر مزید کام ہوگا۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ انتخابات کے لیے صرف میں ووٹ مانگ رہا ہوں باقی ادھر ادھر دیکھ رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں ان کی کٹھ پتلی حکومت کراچی میں بیٹھ کر عوام کےحق پر ڈاکا ڈالے، میاں صاحب کے سہولت کار سندھ میں الیکشن لڑ رہے ہیں، باقی سیاسی جماعتیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہی ہیں مگر پیپلز پارٹی انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اسلام کوٹ میں ایئرپورٹ بنا کر دیا، حکومت ملی تو میں غریب عوام کے لیے 30 لاکھ گھر بنا کر دوں گا، آپ کی آمدنی دوگنی کر کے دکھاؤں گا، تھرپارکر میں گرین انرجی سولر پارکس بناؤں گا۔

بلاول بھٹو نے بتایا کہ 8 فروری کو تیروں کی بارش ہوگی۔

مزید خبریں