اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اگر آپ طاقتور کے قریب ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کو روند کر نکل جائیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دھمکی نہیں دینی چاہیے یہ سیاسی زبان نہیں دھمکی والی بات درست نہیں، یہ زبان نہ استعمال کریں سیاسی تنقید ہے بے شک کریں دس مرتبہ کریں، یہ کوئی اچھی بات نہیں کہ کہا جائے میں بولوں گا تو تم منہ دکھانے کے قابل نہیں رہو گے۔
رانا ثنا کی تعریف کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ مشکلات کا جواں مردی سے سامنا کیا ہے، مشکل وقت یا آزمائش کی گھڑی ہو تو ساتھی کو احساس ہونا چاہیے کہ دوست اس کیساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ میں پرانی بات کررہا ہوں اس وقت تو نہ کوئی مشکل ہے نہ آزمائش کی گھڑی ہے، 26 سال پہلے جو رانا ثنا کے ساتھ کیا گیا جو قید انہوں نے پی ٹی آئی دور میں بھگتی تھی، کوئی بھی ان کی جگہ ہوتا تو گھٹنے ٹیک دیتا اس لیے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف اس طرح کے معاملات میں شامل نہیں ہوتے، ہم سیاسی کارکن ہیں ہم سے غلطیاں ہوتی ہیں لیکن ہم اول اور آخر سیاسی ورکرز ہیں، ہم جو بات کرتے ہیں اس کے پیچھے ہر قسم کے رسک کا سامنا کرتے ہیں، ہم سے غلطی ہو تو قیمت ادا کرتے ہیں اچھی بات ہو تو لوگ سر پر ہاتھ رکھتے ہیں دعا بھی دیتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ ترمیم کی میٹنگ میں شامل تھا، ترمیم کے سب سے بڑے بینیفشری زرداری صاحب تھے، اس ترمیم میں صدر آصف زرداری کو ساری عمر کا استثنیٰ ملا ہے، بالکل وہ ساری ترمیم صدر مملکت کی ذات کے گرد گھومتی تھی، اگر اب کوئی کہتا ہے کہ زبردستی اور دھونس سے ترمیم کرائی گئی تو یہ سیاسی بدیانتی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ آپ ہر موقع پر جب اس قسم کا موقع آئے بولی لگوانا شروع کردیں تو یہ اچھی بات نہیں، اس طرح بولی لگوانے سے ہمارا کیا تاثرجاتا ہے اس طرح کی باتوں سے سیاست پر دھبے لگتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اب بھی پرامید ہوں کہ جو بھی ہوگا اس ملک کے لیے اچھا ہوگا، جس ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے، اس پر کچھ لے دے ہوسکتی ہے، کمپر و مائز ہوسکتے ہیں، راہیں نکل سکتی ہیں لیکن یہ ضرور ہوگا۔











