جمعرات,  08 اکتوبر 2026ء
کشمیر ڈیوٹی سے انکار، اسلام آباد پولیس کے 5 اہلکار برطرف

اسلام آباد(راجہ اسرار)  وفاقی دارالحکومت کی پولیس میں کشمیر میں امن و امان کی ڈیوٹی کے لیے بھیجے جانے والے 5 اہلکاروں کی جانب سے ڈیوٹی پر جانے سے انکار کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز نے پانچوں اہلکاروں کے پولیس لائنز میں رپورٹ کرنے سے انکار اور غیر حاضری کو حکم عدولی اور نافرمانی قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی۔

کارروائی کے نتیجے میں کانسٹیبل محمد عثمان حیدر، عثمان، نعمان، حسنین اور نصیر کو معطل کرکے وردیاں اتروا دی گئیں، جبکہ بعد ازاں انہیں ملازمت سے برطرف کرنے کی سزا بھی دی گئی۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکاروں کو کشمیر میں امن و امان کی ڈیوٹی کے لیے روانہ ہونا تھا، تاہم انہوں نے پولیس لائنز میں رپورٹ کرنے سے صاف انکار کردیا۔

معطل و برطرف اہلکاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان پر ناقابل برداشت دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور ڈیوٹی سے انکار کی وجوہات بھی اعلیٰ حکام کے علم میں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کے خلاف پنجاب پولیس رول 6(2) کے تحت حکم عدولی ثابت ہونے پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

مزید خبریں