بدھ,  14 اکتوبر 2026ء
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف 7 کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 23 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 70.26 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

اٹک میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 300 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔

پشاور ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے بیگ میں کپڑوں میں جذب 2.595 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔

پی ٹی آئی کے اہم رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر گرفتار

قصور کے قریب 4 ملزمان سے 8.4 کلوگرام افیون، 3 عدد تیس بور پستول اور ایک ایم پی فائیو بمعہ 2 خالی میگزین برآمد کیے گئے۔

کوٹ عبدالمالک ٹول پلازہ لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 6 کلوگرام چرس، جبکہ حیدرآباد کے قریب ایک ملزم سے مزید 6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب کارروائی میں ملزم سے 1.2 کلوگرام چرس، ایک کلوگرام آئس اور 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

دالبندین، ضلع چاغی کے قریب 3 لاوارث گاڑیوں سے 41 کلوگرام افیون، 2.5 کلوگرام ہیروئن اور 750 گرام آئس برآمد کی گئی۔

اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں