راولپنڈی: (روشن پاکستان نیوز ) فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور کینیڈا کی وزیر خارجہ کی ملاقات میں علاقائی سلامتی اور پاکستان، کینیڈا کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے عالمی امن، علاقائی استحکام سے متعلق پاکستان کا موقف پیش کیا جبکہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون، اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہا اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی شعبوں میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے دو طرفہ روابط اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے ملاقات کی تھی جس میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، توانائی اور آٹو انڈسٹری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی تھی جس میں غیرقانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔











