اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) 26 نومبر احتجاج کے کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق درج مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے کی۔
سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے بارہا طلبی کے احکامات اور نوٹسز جاری کیے جانے کے باوجود عمر ایوب عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ سنایا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ “ملزم عمر ایوب خان کی جانب سے عدالت میں پیش نہ ہونا قانون سے فرار اختیار کرنے کے مترادف ہے، عدالت ان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیتی ہے تاکہ انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جا سکے۔”
فارورڈ بلاک نے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک کا اعلان کر دیا
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کے خلاف یہ مقدمہ وفاقی دارالحکومت کے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج ہے۔
ان پر 26 نومبر کو ہونے والے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران دفعہ 144 کی سنگین خلاف ورزی، کارِ سرکار میں مداخلت اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات قائم کیے گئے ہیں، جن کی عدالتی کارروائی جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔
عدالت نے دائمی وارنٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے تمام قانونی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔











