پیر,  06 جولائی 2026ء
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف کے مطابق 8 مختلف کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 55.406 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے بیگ سے 456 گرام چرس برآمد کی گئی۔ کراچی ایئرپورٹ پر واقع ایک کورئیر آفس میں جدہ بھیجے جانے والے پارسل سے 50 تھیلیوں میں چھپائی گئی 1.750 کلوگرام گراس آئس بھی پکڑی گئی۔

اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 8 ملزمان گرفتار

سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 13.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ دمہ پھاٹک اسلام آباد کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

انڈس ہائی وے کوہاٹ کے قریب گاڑی سے 8 کلوگرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کے قریب گاڑی سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جہاں تین ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔

اسی طرح بہاولپور روڈ، ضلع سرگودھا کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ کراچی کے ریس کورس گراؤنڈ کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 4.8 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

اے این ایف نے کہا ہے کہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں