لاہور(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائی کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب کی گئی، جہاں ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران 2.4 کلوگرام افیون اور 9.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ برآمد ہونے والی منشیات کا تخمینہ شدہ مالیت 10 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ برآمد شدہ منشیات قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اےاین ایف کی کارروائیاں: 70 کروڑ کی منشیات برآمد، 15 ملزمان گرفتار
حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ منشیات کی ترسیل اور اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔
اے این ایف نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔











