کراچی(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ سندھ نے عوامی ریلیف کے تحت پیپلز موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے 31 مئی 2026 تک بڑھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سی ایم ہاؤس میں سندھ کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں سندھ ڈیولپمنٹ اینڈ مینٹیننس آف انفرااسٹرکچر سیس ترمیمی ایکٹ 2026 کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت دی کہ طویل عرصے سے جاری قانونی تنازعات کو جلد حل کیا جائے۔
کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ 132 درخواست گزار تصفیہ معاہدوں پر دستخط کر چکے ہیں جبکہ 18 ارب روپے سے زائد کی بینک گارنٹیز کیش ہو چکی ہیں۔
کابینہ نے مقدمات واپس لینے اور تصفیہ کی آخری تاریخ 23 اگست 2026 تک بڑھانے کی منظوری دی۔ واجبات اقساط میں ادا کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت جولائی اور اکتوبر 2026 اور جولائی 2027 میں 15 فیصد فی قسط ادائیگی کی جائے گی، جبکہ باقی رقم 2028 سے سہ ماہی اقساط میں ادا کی جائے گی۔ جلد ادائیگی کرنے والوں کے لیے 0.80 فیصد کی رعایتی شرح بھی مقرر کی گئی۔
ایک لیٹر پیٹرول پر 153 اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 116 روپے ٹیکسز اور منافع جات کی وصولی کا انکشاف
اجلاس میں عوامی ریلیف کے تحت پیپلز موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا، جسے 31 مئی 2026 تک بڑھا دیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مئی کے لیے 2 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ 5 لاکھ 48 ہزار سے زائد افراد کو سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ اب تک 1.096 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
مزید برآں موٹر سائیکل کیب سروسز کے لیے سیلز ٹیکس میں بڑی کمی کا اعلان کیا گیا، کابینہ نے ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کر دی ہے۔
حکام کے مطابق اس فیصلے سے سالانہ 120 ملین روپے کے مالی اثرات متوقع ہیں اور آن لائن ڈرائیورز کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔











