بدھ,  03 جولائی 2024ء
پی ٹی آئی کےخلاف ہمارا مؤقف اور تحفظات بہت سنجیدہ ہیں، فضل الرحمان

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)جمعیت علما اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف ہمارا مؤقف اور تحفظات بہت سنجیدہ ہیں، مجلس شوریٰ نے پی ٹی آئی کے رابطوں کا جائزہ لیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مجلس شوریٰ نے جے یو آئی کے ساتھ سیاسی جماعتوں کے روابط کا جائزہ لیا، شوریٰ نے سیاسی جماعتوں سے رابطے کو سیاسی عمل قرار دیا، شوریٰ کا واضح مؤقف ہے کہ حکومت میں اتنا دم خم نہیں کہ ہماری شکایات کا ازالہ کر سکے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو خوش آمدید کہتے ہیں، پی ٹی آئی میں ابھی تک یکسوئی کا فقدان ہے، پی ٹی آئی نے ابھی تک باضابطہ مذاکراتی ٹیم کا اعلان نہیں کیا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ نے بیان دیا کہ جمعیت علما اسلام کے ساتھ اتحاد نہیں ہوسکتا،  یہ دو قسم کی متصادم رائے ہیں جس پر ہم رائے قائم کرنے میں دقت محسوس کر رہے ہیں، اس وقت تک پی ٹی آئی نے کسی مذاکراتی ٹیم کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سربراہ کی طرف سے وفود آتے ہیں، معاملات طے کرنے کی ہدایات لے کر آتے ہیں، یہ متصادم قسم کی آراء ہیں، ہم اس پر رائے قائم کرنے میں مشکل محسوس کر رہے ہیں، ایک بہتر سیاسی ماحول طے کرنے میں ہمیں کوئی ہچکچاہٹ نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئین تمام اداروں کے دائرہ کار کا تعین کرتا ہے، عزم پاکستان کے نام سے آپریشن کا اعلان ہوا اس میں بھی یکسوئی نہیں، ملک کے دفاع کا مسئلہ ہو تو پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، امریکی ایوان نمائندگان نے 8 فروری کے الیکشن کو مشکوک قرار دیا، ہماری واضح رائے ہے امریکا پاکستان کے معاملات سے دور رہے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News