ریاض ( وقار نسیم وامق) سعودی عرب نے غزہ پٹی میں غیر مسلح کرنے سے متعلق تاریخی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت اور معاہدے کے حصول کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پائیدار امن کے لیے جامع امن منصوبے پر مکمل عمل درآمد ضروری ہے
سعودی وزارت خارجہ نے غزہ معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار اور عزم کو سراہا ہے، جس نے اس تاریخی پیش رفت کے حصول میں اہم کردار ادا کیا
سعودی عرب نے مصر، قطر، ترکیہ، امریکا، کونسل آف پیس اور دیگر تمام شراکت داروں کی کوششوں کو بھی سراہا جنہوں نے معاہدے کی کامیابی کے لیے مسلسل کردار ادا کیا
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 میں تسلیم کیے گئے جامع امن منصوبے پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کرتی ہے
سعودی عرب نے زور دیا کہ معاہدے کے تمام مراحل ایک قابلِ اعتماد اور حتمی ٹائم فریم کے تحت مکمل کیے جائیں اور عمل درآمد میں کسی قسم کی واپسی نہ ہو
سعودی عرب نے غزہ سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا، بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی اور فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی پر بھی زور دیا ہے
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق غزہ میں فلسطینی اتھارٹی کی واپسی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی علاقائی سالمیت کا تحفظ جامع امن منصوبے کی کامیابی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے
سعودی وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ یہ معاہدہ ایک ایسے جامع سیاسی عمل کی بنیاد بننا چاہیے جو فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضمانت دے
مملکت کے مطابق مستقل اور منصفانہ امن صرف ایک جامع سیاسی تصفیے کے ذریعے ہی ممکن ہے، جو تنازع کا خاتمہ کرے اور خطے کے تمام عوام کے لیے سلامتی، استحکام اور باہمی خوشحالی پر مبنی مستقبل کی راہ ہموار کرے۔











