جمعه,  13 دسمبر 2024ء
راولپنڈی پولیس لائنز میں “فرینڈز آف پولیس” انٹرن شپ پروگرام کے اٹھارویں بیچ کا اختتام

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق راولپنڈی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں “فرینڈز آف پولیس” انٹرن شپ پروگرام کے اٹھارویں بیچ کا اختتام ہوگیا۔ اس انٹرن شپ پروگرام میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے شرکت کی، جنہیں دو ہفتے کے دوران پولیس کے مختلف شعبوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔

پولیس افسران نے انٹرن شپ کے دوران طلباء و طالبات کو پولیس ورکنگ، پولیس اسٹیشن کی کارکردگی، پولیس خدمت مرکز، فرنٹ ڈیسک، ٹریفک پولیس، اور قانونی و عدالتی کارروائیوں کے بارے میں تفصیل سے لیکچرز دیے۔ انٹرن شپ پروگرام کے تحت طلباء کو پولیس اسٹیشنز، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز، ٹریفک ہیڈکوارٹرز، اور لیگل برانچ کا دورہ کرایا گیا تاکہ وہ عملی طور پر پولیسنگ کے مختلف پہلوؤں سے واقف ہو سکیں۔

ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) حافظ کامران اصغر نے اس موقع پر کہا کہ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو پولیسنگ کے عمل سے آگاہ کرنا اور ان کی مشاورت سے کمیونٹی پولیسنگ کو مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل پولیس ورکنگ اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انٹرن شپ پروگرام کا مقصد شہریوں بالخصوص نوجوان طلباء و طالبات کو موثر پولیسنگ، جرائم کی روک تھام، تعلیمی اداروں میں منشیات کے تدارک، اور کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے معاون بنانا تھا۔

تقریب کے اختتام پر، پولیس افسران نے “فرینڈز آف پولیس” انٹرن شپ پروگرام میں شامل طلباء و طالبات کو سرٹیفکیٹس دیے، جو ان کے اس پروگرام میں کامیابی کے اعتراف میں تھے۔

مزید خبریں