لاہور (روشن پاکستان نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عطا تارڑ نے پاکستان پیپلز پارٹی پر نتقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی پی نے ضد میں لاہور سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کرکے 60 ہزار ووٹ خریدنے کا منصوبہ بنایا۔ لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹ حاصل کرنے کے لیے محنت کرنا پڑتی ہے، کامیابی عوام کے ساتھ مہم چلانے سے ملتی ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے دعویٰ کیا کہ ہم ہر جگہ جلسے کررہے ہیں اور ہر جگہ موجود ہیں، لاہور میں پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک نہیں، پیپلزپارٹی نے ضد میں لاہور سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ضد بازی میں لاہور کا حقلہ منتخب کرلیا ہے، انہوں نے الزام لگایا کہ پیپلزپارٹی نے 50 سے 60ہزار ووٹ خریدنے کا منصوبہ بنایا ہے، پیپلز پارٹی کے دفتر سے نوٹ گننے والی مشین ملی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول آپ لاہور میں تیسرے نمبر کے امیدوار ہیں، پیپلز پارٹی پنجاب میں انٹری چاہتی ہے۔