هفته,  25 جولائی 2026ء
‘میرا بیٹا مجھے پہچان لے’، اسپینش فٹبالر کی بیٹے کی خاطر لمبے بال رکھنے کی دل چھو لینے والی کہانی

میڈرڈ(روشن پاکستان نیوز)  حال ہی میں ارجنٹینا کو شکست دیکر فیفا ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم اسپین کے اسٹار کھلاڑی مارک کوکوریلا کے  لمبے بالوں کے پیچھے جذباتی کہانی سامنے آگئی۔

اسپینش فٹبالر مارک کوکوریلا کے گھنگریالے لمبے بال دنیا بھر میں ان کی پہچان بن چکے ہیں، تاہم ان کے لیے یہ صرف ایک منفرد انداز نہیں بلکہ اپنے بڑے بیٹے ماٹیو سے جڑا ایک جذباتی تعلق بھی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوکوریلا نے جان بوجھ کر لمبے بال رکھے، وہ اپنے بال میچ کے دوران نہیں باندھتے تاکہ ان کا بڑا بیٹا ماٹیو ، جو آٹزم کا شکار ہے، میدان میں انہیں آسانی سے پہچان سکے۔

یہ سادہ سا فیصلہ ان کے لیے باپ ہونے کی ذمہ داری اور اپنے بیٹے سے محبت کی علامت بن چکا ہے۔

اسپین کی ورلڈکپ فتح کے بعد کوکوریلا کی یہ جذباتی کہانی دوبارہ توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

ورلڈ کپ فائنل میں اسپین سے شکست، میسی کے عالمی کپ سفر کا جذباتی اختتام

میڈیا رپورٹس کے مطابق فٹبال کے میدان سے باہر کوکوریلا اور ان کے بچوں کی ماں کلاڈیا روڈریگیز نے اپنے بیٹے کی آٹزم کی تشخیص کے بعد مشکل وقت کا سامنا کیا۔

ایمازون پرائم کی ایک دستاویزی فلم میں اسپینش فٹبالر کی پارٹنر کلاڈیا نے بتایا کہ جب انہیں محسوس ہوا کہ 4 سال پہلے پیدا ہونے والا ہمارا بیٹا دیگر بچوں سے مختلف انداز میں نشوونما پا رہا ہے تو وہ مدد کی تلاش میں شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر روز بیٹے کو اسکول چھوڑنے جاتے اور واپسی پر روتے تھے۔ اس وقت میں اپنے دوسرے بچے ریو کی ماں بھی بننے والی تھی۔

اسپینش فٹبالر کوکوریلا نے بھی اعتراف کیا کہ بیٹے کی آٹزم کی تشخیص کو قبول کرنا آسان نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ آپ کا بچہ آٹسٹک ہے تو والدین بھی اس کے لیے تیار نہیں ہوتے، ہمیں بھی بہت کچھ سیکھنا پڑا۔کاش میرے پاس ایک روپیہ بھی نہ ہوتا، مگر میرا بیٹا بالکل صحت مند ہوتا۔

مارک کوکوریلا اور کلاڈیا، جو 2018 سے ایک ساتھ ہیں، اس وقت تین بچوں ماٹیو، ریو اور بیلا کے والدین ہیں۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔

مزید خبریں