هفته,  25 جولائی 2026ء
راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور قانون شکن افراد کے خلاف بھرپور کارروائیاں

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی پولیس نے ڈکیتی، چوری، نقب زنی، قتل، اقدام قتل، منشیات فروشی اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے چھینے گئے موٹر سائیکل، موبائل فون، نقد رقم، منشیات، شراب اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔

راولپنڈی ڈویژن پولیس نے ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث گینگز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 گینگز کے 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ صادق آباد پولیس نے تین رکنی گینگ کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے چھینے گئے 2 موٹر سائیکل، 4 موبائل فون، 23 ہزار روپے نقد اور اسلحہ برآمد کیا۔ نیو ٹاؤن پولیس نے گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر کے مسروقہ موبائل فون اور 70 ہزار روپے نقد برآمد کیے، جبکہ پیرودھائی پولیس نے دو رکنی گینگ کو گرفتار کر کے چھینا گیا موبائل فون اور 17 ہزار روپے نقد برآمد کر لیے۔ ایس پی راول سعد ارشد نے کہا کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔

تھانہ رتہ امرال پولیس نے کاروبار ہتھیانے کے لالچ میں اپنے پارٹنر کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ایک ہفتہ قبل اپنے بزنس پارٹنر طالب حسین کو سر پر اینٹ مار کر قتل کیا تھا۔ پولیس نے تفتیش کا دائرہ بڑھاتے ہوئے ملزم کو شامل تفتیش کیا، جس دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے ٹک شاپ کے کاروبار پر قبضہ کرنے کی لالچ میں اپنے پارٹنر کو قتل کیا۔ ایس پی راول سعد ارشد کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف مضبوط شواہد کے ساتھ قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی اور کوئی بھی شخص قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتا۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایت پر پوٹھوہار ڈویژن پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 منشیات سپلائرز کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ ٹیکسلا پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر کے 6 کلو 920 گرام چرس برآمد کی، چکلالہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے 1 کلو 720 گرام چرس برآمد کی، جبکہ صدر واہ پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر کے 1 کلو 300 گرام ہیروئن برآمد کی۔ پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔

تھانہ صادق آباد پولیس نے اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار شخص نے جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کر کے ایک شہری کو زخمی کیا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ ایس پی راول سعد ارشد نے کہا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اے این ایف کا تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 ملزمان گرفتار

راولپنڈی پولیس نے شراب اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے قبضہ سے 5 لیٹر، 18 بوتل اور 3 کپی شراب جبکہ اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ یہ کارروائیاں تھانہ سول لائنز، مورگاہ، دھمیال، نصیرآباد، مندرہ، کہوٹہ اور کلرسیداں کے علاقوں میں کی گئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب ایس ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی ناصر علی خان نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کی شکایات سنیں اور ان کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے ہدایت کی کہ شہریوں کی جانب سے دی گئی درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے فوری حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تھانوں میں شہریوں کو بہترین سروس ڈیلیوری فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم کے وژن کے مطابق راولپنڈی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام کے 47ویں بیچ کا اختتام بھی ہو گیا۔ دو ہفتے پر مشتمل اس پروگرام میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے شرکت کی، جہاں سینئر پولیس افسران نے انہیں پولیس ورکنگ، جرائم کی روک تھام اور پولیسنگ کے مختلف شعبوں کے بارے میں آگاہی دی۔

انٹرن شپ پروگرام کے دوران طلباء و طالبات کو پولیس اسٹیشن ورکنگ، پولیس خدمت مرکز، فرنٹ ڈیسک، پولیس ایپس، ٹریفک پولیس، قانونی اور عدالتی کارروائی کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔ شرکاء کو سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشنز، پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، ٹریفک ہیڈکوارٹرز، پولیس خدمت مرکز لیاقت باغ اور لیگل برانچ کا دورہ بھی کروایا گیا تاکہ وہ عملی طور پر پولیسنگ کے نظام کو سمجھ سکیں۔

پولیس حکام کے مطابق نوجوان نسل پولیس ورکنگ اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو کمیونٹی پولیسنگ، جرائم کی روک تھام اور منشیات کے خاتمے کے لیے معاون بنانا ہے۔ اختتامی تقریب میں ڈی ایس پی ایڈمن شاہدہ یاسمین نے پروگرام میں شریک طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور قانون شکن افراد کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں