هفته,  25 جولائی 2026ء
میں نے اپنی قبر تیار کروا رکھی ہے، لیجنڈ گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کا انکشاف

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) لیجنڈ گلوکار عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی قبر تیار کروا رکھی ہے۔

حال ہی میں عطا اللہ خان نے ایک انٹرویو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی سے متعلق گفتگو کی۔

آخرت کے حوالے سے میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی قبر تیار کرلی ہے، عیسیٰ خیل میں میری قبر تیار ہے۔

لیجنڈ گلوکار کا کہنا تھا کہ ہمارا خاندانی قبرستان الگ ہے، میں نے خاندانی قبرستان سے تھوڑی دوری پر اپنی قبر بنوائی ہے، اس جگہ پر دو تین قبروں کی جگہ ہے۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے بہت پیارے دوست اس دنیا سے چلے گئے، ماں باپ اور ایک بہن بھی دنیا سے رخصت ہوگئی، ہم نے بھی ایک دن چلے جانا ہے۔

عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی کے بیان پر سوشل میڈیا پر ملے جلے تبصرے

لیجنڈ گلوکار عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی کی جانب سے اپنی قبر پہلے سے تیار کروانے کے انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آنے لگیں۔ بعض صارفین نے ان کے بیان کو آخرت کی تیاری کا اظہار قرار دیا، جبکہ کچھ افراد نے سوال اٹھایا کہ انہوں نے اپنی طویل فنی زندگی کے دوران میانوالی اور اپنے مداحوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیا عملی اقدامات کیے۔

چند صارفین کا کہنا تھا کہ عوامی شخصیات کی میراث صرف ان کے فن تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ معاشرے اور اپنے علاقے کے لیے خدمات بھی ان کی پہچان بننی چاہئیں۔ تاہم، ان تبصروں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

مزید خبریں