اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) واٹس ایپ اینڈرائیڈ صارفین کیلئے ایک نئے وائس ٹو ٹیکسٹ فیچر کی تیاری کر رہا ہے، جس سے صارفین کیلئے پیغامات بھیجنے کا عمل مزید آسان ہو جائے گا۔ اس اپ ڈیٹ کے ذریعے صارفین اپنے پیغامات بول کر لکھوا سکیں گے اور انھیں آڈیو ریکارڈنگ کی بجائے تحریری متن کی صورت میں بھیج سکیں گے۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.37.8 میں دیکھا گیا ہے، تاہم یہ ابھی تیاری کے مرحلے میں ہے اور فی الحال بیٹا ٹیسٹرز کیلئے دستیاب نہیں کیا گیا۔
میٹا کی ملکیت رکھنے والے واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کے تحت چیٹ بار میں ایک مخصوص بٹن شامل کیا جائے گا، اسے منتخب کرنے کے بعد صارف اپنا پیغام بول سکے گا، جب کہ واٹس ایپ اسکرین پر “Listening…” یعنی ’’سن رہا ہے…‘‘ کا اشارہ دکھائے گا۔
آواز کو متن میں تبدیل کرنے کے بعد صارف کو پیغام کا جائزہ لینے اور پھر Send بٹن دبا کر اسے بھیجنے کی سہولت حاصل ہوگی۔
ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کا یہ نیا فیچر انفرادی چیٹس، گروپس اور چینلز میں کام کرے گا، عام وائس میسج کے برعکس، پیغام وصول کرنے والے کو صرف اس کی تحریری شکل ملے گی، اصل صوتی پیغام موصول نہیں ہوگا۔
یہ بھی توقع کی جا رہی ہے کہ واٹس ایپ بولے گئے مواد کو براہِ راست ڈیوائس پر پروسیس کرنے کیلئے مقامی طور پر ڈاؤن لوڈ کئے گئے ’لینگویج پیکس‘ استعمال کرے گا، اس کا مطلب یہ ہے کہ مطلوبہ زبان کا پیک ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد صارف فعال انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر بھی بول کر پیغام لکھوا سکے گا۔
واٹس ایپ اکاؤنٹ مزید محفوظ بنائیں، پاس ورڈ لگانے کا نیا آپشن آگیا
کمپنی کی جانب سے مقامی طور پر نصب کیے گئے لینگویج پیکس کے ذریعے بولے گئے مواد کو براہِ راست ڈیوائس پر پروسیس کرنے کی توقع بھی کی جا رہی ہے، یوں مطلوبہ لینگویج پیک انسٹال ہونے کے بعد صارف آف لائن رہتے ہوئے بھی پیغامات ڈکٹیٹ کر سکے گا۔
یہ فیچر واٹس ایپ کے پہلے سے موجود وائس میسج ٹرانسکرپشن نظام پر مبنی ہے، جو پہلے ہی لینگویج پیکس کے ذریعے ٹرانسکرپشن کو ڈیوائس پر مقامی طور پر پروسیس کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ نے ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا کہ ’وائس ٹو ٹیکسٹ‘ فیچر عوامی طور پر کب جاری کیا جائے گا، چیٹ بار میں اس کی موجودہ جگہ بھی لانچ سے پہلے تبدیل کی جا سکتی ہے، کیوں کہ کمپنی تجرباتی فیچرز کی تیاری کے دوران ان میں اکثر تبدیلیاں کرتی رہتی ہے۔
فی الحال وائس ٹو ٹیکسٹ ٹول ایک تجرباتی فیچر ہے، اور یہ واضح نہیں کہ آیا واٹس ایپ مستقبل میں اسے تمام صارفین کیلئے دستیاب کرے گا۔











