میر پور(روشن پاکستان نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کا وقت ختم ہوگیا، ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
میر پور، کوٹلی اور بھمبھر کے 13 حلقوں میں 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، خواتین کی بڑی تعداد نے بھی ووٹ کاسٹ کیا، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، استحکامِ پاکستان پارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت 296 امیدوار میدان میں ہیں۔
میرپور ڈویژن میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے جن میں ضلع میر پور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1107 اور ضلع بھمبھر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ۔
آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران کوٹلی کے علاقے نکیال میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے جس کے بعد پولنگ کا عمل روک دیاگیا۔
ایل اے 9 سے پی پی کے امیدوار جاوید بڈھانوی نے کہا کہ فائرنگ سے پیپلز پارٹی کا کارکن مختیارجاں بحق ہوا۔
آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں دربار بابا شادی شہید کے پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسندوں نے پولنگ باکس چھین کر اسے آگ لگادی، ڈی آر او کے مطابق جس بیلٹ باکس کو آگ لگائی گئی اس میں 232 ووٹ تھے۔
بابا شادی شہید کے ایک پولنگ اسٹیشن کے علاوہ تمام پولنگ اسٹیشن پر صورتحال نارمل ہے، دربار بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ ہوگی یا نہیں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ: میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میں پولنگ شروع
آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں کہیں کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو پولیس کارروائی کرتی ہے، سیاسی کارکنوں سمیت کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری ٹولوں کو مسترد کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، پُرامن انتخابات کے لیے تمام ریاستی ادارے تیار ہیں، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔











