اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 16 ستمبر 2026 کو ہونے والے انتخابات پر فاؤنڈر ڈیموکریٹس گروپ نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انتخابات کے عمل، ووٹر لسٹ اور ووٹوں کی گنتی سے متعلق تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
فاؤنڈر ڈیموکریٹس گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر ضیاء نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کا انعقاد اچھے انداز میں کرایا، تاہم گروپ کے جنرل سیکریٹری احمد اسامہ طاہر کی جانب سے انتخابی نتائج کا جائزہ لینے کے بعد بعض سوالات سامنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پینل ووٹنگ میں غیر معمولی اکثریت کیسے حاصل ہوئی، جبکہ آزاد امیدواروں کی فہرست میں ابتدائی 14 امیدواروں میں فاؤنڈر ڈیموکریٹس گروپ کے امیدوار بھی شامل تھے۔
فاؤنڈر ڈیموکریٹس کے صدر سید ندیم منصور نے کہا کہ کسی بھی معاملے کی تحقیقات واقعے کے بعد ہی شروع ہوتی ہیں اور انتخابات کے معاملے میں بھی ان کے گروپ نے دستیاب معلومات کی بنیاد پر تحقیقات شروع کیں۔ ان کے مطابق تین دن کے اندر بعض ایسی معلومات کی تصدیق ہوئی جن کا انہیں مختلف افراد سے علم ہوا تھا، جس کے بعد چیمبر میں باقاعدہ درخواست جمع کرائی گئی تاکہ معاملہ مقررہ مدت کے اندر زیرِ غور لایا جا سکے۔
چیمبرنتخابات میں تمام گروپس اور امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کئے جائیں، عبدالقدوس خان سواتی
سید ندیم منصور نے دعویٰ کیا کہ ووٹر لسٹ میں ایسے افراد کے نام بھی موجود تھے جو انتقال کر چکے ہیں، جبکہ بعض مشکوک پتوں کی تصدیق کے لیے دورے بھی کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیلٹ پیپرز سے متعلق بھی بعض شواہد سامنے آئے ہیں جن کا جائزہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابات کے نتائج کی دوبارہ گنتی، ووٹر لسٹ کی جانچ اور ان ووٹرز سے متعلق ریکارڈ فراہم کیا جائے جن کے نام کے سامنے ووٹ ڈالنے کی تصدیق کے لیے مہر ثبت کی گئی ہے۔ ان کے مطابق چیمبر سے مذکورہ ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، تاہم تاحال فراہم نہیں کیا گیا۔
سید ندیم منصور نے بتایا کہ ان کے گروپ نے ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) کو بھی اپنی درخواست کا یاددہانی خط ارسال کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمبر کو انتخابی نظام سے متعلق تحفظات دور کرنے چاہئیں اور اگر کسی سیکریٹری یا اسکروٹنی افسر کی جانب سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
فاؤنڈر ڈیموکریٹس کے صدر نے کہا کہ ان کا گروپ معاملے کو مثبت انداز میں حل کرنا چاہتا ہے اور چیمبر کے ساتھ بیٹھ کر تحفظات دور کرنے کے لیے تیار ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر ان کی شکایات کا ازالہ نہ ہوا تو معاملہ عدالت عالیہ تک لے جایا جائے گا۔
سید ندیم منصور نے مزید کہا کہ ان کے گروپ کے پاس آئندہ دو سال تک اس معاملے کو قانونی اور تنظیمی سطح پر آگے بڑھانے کا وقت موجود ہے۔ انہوں نے ممکنہ ممبرشپ آڈٹ کی طرف بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل میں بعض امیدواروں کی اہلیت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاؤنڈر گروپ کے بعد سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے پر وہ خوش ہیں اور ان ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے انہیں اور جنرل سیکریٹری احمد اسامہ طاہر کو ووٹ دیا۔ ان کے بقول فاؤنڈر ڈیموکریٹس گروپ تعلیم یافتہ قیادت کی نمائندگی کرتا ہے۔











