اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ انتخابات کے حوالے سے ڈیموکریٹک گروپ کے امیدوار برائے ایگزیکٹو ممبر اور عبداللہ رئیل اسٹیٹ اینڈ بلڈرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالقدوس خان سواتی نے الیکشن کمیشن کے طرزِ عمل، انتخابی عمل کی شفافیت اور امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ انہوں نے آئین اور قانونی تقاضوں کے مطابق بیلٹ پیپر پر امیدواروں کے نام الفابیٹکل ترتیب سے شائعکرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو متعدد مرتبہ تحریری درخواستیں دیں تاہم ان درخواستوں پر کوئی مؤثر ردِعمل سامنے نہیں آیا۔انہوں نے الیکشن کمیشن کی غیرجانبداری پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کمیشن سے وابستہ بعض افراد مبینہ طور پر مخالف گروپ کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد کیسے ممکن ہوگا؟عبدالقدوس خان سواتی نے کہا کہ انتخابات میں تمام گروپس اور امیدواروں کو مساوی حقوق اور یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں، جبکہ آئین و قانون کی پاسداری ہر ادارے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر اپنے طرزِ عمل کا جائزہ لے، بیلٹ پیپر پر امیدواروں کے ناموں کی ترتیب قانونی تقاضوں کے مطابق یقینی بنائے اور تمام امیدواروں و گروپس کو برابر کے مواقع فراہم کیے جائیں۔عبدالقدوس خان سواتی نے کہا کہ کاروباری برادری کے اعتماد کے لیے ضروری ہے کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے انتخابات شفاف، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ ماحول میں منعقد ہوں۔











