اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) جسم میں خون کے سرخ خلیات کی کمی کا سامنا ہو تو یہ انیمیا کا عارضہ ہوتا ہے جس کی متعدد علامات اور پیچیدگیاں ہوسکتی ہیں۔
عام طور بیشتر افراد کو انیمیا کا سامنا خون میں آئرن کی سطح میں کمی کے باعث ہوتا ہے۔
اچھی بات یہ ہے کہ ایک بہت عام پھل آئرن کی کمی سے لاحق ہونے والے انیمیا سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
جی ہاں امرود ایسا پھل ہے جو آئرن کی کمی دور کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
برٹش میڈیکل جرنل میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ امرود کھانے یا اس کا جوس پینے سے خون میں ہیموگلوبن کی سطح بہتر ہوتی ہے، خاص طور پر اگر جوس کے ساتھ آئرن سپلیمنٹس کا بھی استعمال کیا جائے۔
اس تحقیق میں 17 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جس میں لڑکیوں اور حاملہ خواتین کو شامل کیا گیا تھا۔
یہ دونوں ایسے گروپس ہوتے ہیں جن میں آئرن کی کمی کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
ان تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا تھا کہ امرود کے جوس کا استعمال ہیموگلوبن کی سطح کو بہتر بناتا ہے۔
اس کی ممکنہ وجہ امرود میں وٹامن سی کی موجودگی ہے۔
وہ عام نشانیاں جو جسم میں خون کی کمی کا اشارہ دیتی ہیں
امرود میں وٹامن سی مالٹے کے مقابلے میں تقریباً 4 گنا تک زیادہ ہوتا ہے۔
وٹامن سی جسم کو پودوں سے حاصل ہونے والے آئرن اور آئرن سپلیمنٹس کو بہتر طریقے سے جذب کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
امرود میں فولیٹ (وٹامن بی 9)، وٹامن اے، فائبر اور تھوڑی مقدار میں آئرن بھی پایا جاتا ہے، جو خون کے سرخ خلیات اور ہیموگلوبن بنانے میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق امرود کے جوس کے ساتھ آئرن سے بھرپور غذاؤں جیسے پالک اور دالوں کا استعمال بھی اس اثر کو بہتر بناتا ہے۔
محققین کے مطابق یہ واضح رہے کہ یہ آئرن سے بھرپور غذاؤں جیسے پالک، دالیں، گوشت یا سپلیمنٹس کا متبادل نہیں بلکہ ان کے اثر کا ذریعہ بڑھانے والا ذریعہ ہے۔
اس حوالے سے روزانہ ایک سے 2 امرود کھانا یا ان کا جوس پینا فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ جسم میں آئرن کی کمی سے شدید تھکاوٹ، نقاہت، سینے کے مسائل، سر درد، سر چکرانا، ہاتھ پیر ٹھنڈے ہونا، عجیب چیزیں کھانے کی خواہش، کھانے کی اشتہا ختم ہو جانا اور جِلد کی رنگت پیلی ہو جانا جیسی علامات کا سامنا ہوتا ہے۔











