پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال میں ایک ماہ کے دوران 17 ہزار سے زائد مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں، انتظامیہ کی بریفنگ
اسلام آباد (سعد عباسی) انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیر اہتمام اسلام آباد کلب میں خصوصی میڈیا میٹ اپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی دارالحکومت کے 40 سے زائد سینئر اور نامور صحافیوں نے شرکت کی۔ تقریب میں پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال اسلام آباد کی کارکردگی، کمیونٹی ہیلتھ پروگرامز اور ملک بھر میں انڈس ہسپتال کے تحت جاری مفت طبی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
تقریب کے آغاز پر ہیڈ آف کیمپس پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال ڈاکٹر خزر پرویز نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مینیجر میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز سید شبیر حسین شاہ نے انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نیٹ ورک اس وقت ملک بھر میں 13 کثیرالشعبہ جاتی ہسپتالوں اور 100 سے زائد بنیادی مراکز صحت کے ذریعے لاکھوں مستحق مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی مکمل مفت اور کیش لیس طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
ڈاکٹر خزر پرویز نے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال اسلام آباد کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے انتظامی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد محض ایک ماہ کے دوران، 26 نومبر 2026 تک، مجموعی طور پر 17 ہزار 53 مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ ان میں او پی ڈی کے 13 ہزار 217 مریض، ایمرجنسی کے 3 ہزار 545 مریض اور ان پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ میں داخل ہونے والے 291 مریض شامل ہیں، جبکہ اس عرصے کے دوران آپریشن تھیٹر میں 34 بڑے اور چھوٹے آپریشن بھی کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں آنے والے تمام مریضوں کو بلاامتیاز جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور علاج کے لیے کسی قسم کا مالی بوجھ مریضوں پر نہیں ڈالا جاتا۔ یہ اقدام اسلام آباد اور گردونواح کے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر کمیونٹی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کی مینیجر کمیونیکیشن اریج نے ملک بھر میں جاری صحت عامہ کے پروگرامز اور کمیونٹی سطح پر طبی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی خدمات صرف ہسپتالوں تک محدود نہیں بلکہ بیماریوں کی روک تھام، زچہ و بچہ کی صحت اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی مختلف پروگرامز جاری ہیں۔میڈیا میٹ اپ میں شریک صحافیوں نے انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی فلاحی خدمات، شفاف انتظامی نظام اور مستحق مریضوں کو مفت علاج کی فراہمی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی، معیاری طبی سہولیات اور منظم انتظامی نظام کے تحت مکمل کیش لیس علاج کی فراہمی ایک قابلِ ذکر ماڈل ہے، جہاں مریضوں کو علاج کے لیے مالی ادائیگی نہیں کرنا پڑتی۔
تقریب کے اختتام پر صحافیوں نے انڈس ہسپتال کی انتظامیہ اور پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال کی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میڈیا دکھی انسانیت کی خدمت کے اس مشن کو عوام تک پہنچانے اور صحت عامہ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔











