وہ تمام لوگ جہنمی ہیں جو ہمارے معصوم اور سچے دوست حذیفہ رحمان پر صرف سچ بولنے پر تنقید کر رہے ہیں حالانکہ اس کا قصور صرف اتنا ہے کہ اس نے ایک اور سچ بولا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا آئی کیو لیول نامور سائنسدان آئزک نیوٹن کے قریب ہے۔ اس وقت سے تمام لوگ حذیفہ رحمان کا تمسخر اڑا رہے ہیں حالانکہ اس نے نیوٹن کا لحاظ کیا ہے اس لیے اس کے قریب کا آئی کیو لیول بتایا ہے، حقیقت یہ ہے کہ ہمارے وزیر اعظم کا آئی کیو لیول نیوٹن سے کہیں زیادہ ہی ہو گا۔
اگر کسی کو یقین نہیں آتا تو گیس کے بل کا جائزہ لیں، کسی ڈاکٹر کی دوائی کی طرح صبح، دوپہر اور شام میں تھوڑی تھوڑی دیر کے لیے آنے والی گیس کا پریشر بھی نہیں ہوتا، کچھ ہی دیر کے لیے آتی ہے مگر جب بل آتا ہے تو پر بندہ چلا اٹھتا ہے کہ جہنم کی آگ کا کنکشن ہمارے میٹر سے تو نہیں جوڑ گئے کم بخت ایس این جی پی ایل والے؟ مگر پتا چلتا ہے کہ جناب گزشتہ برسوں میں بھی اس سے زیادہ ہی گیس استعمال ہوتی رہی ہے مگر بل کبھی بھی اتنا نہیں آتا تھا، گیس کی قیمت چار سو فیصد بڑھ چکی ہے مگر ان ناسمجھ لوگوں کو بل زیادہ لگ رہا ہے ورنہ ایسی بھی بات نہیں ہے۔ اب آپ خود ہی بتائیے کہ پہلے آپ کو بلا تعطل گیس ملا کرتی تھی اور بل بھی کم ہوتا تھا اب گیس کبھی کبھار آتی ہے جس کا پریشر پیٹ کی گیس سے بھی کم ہوتا ہے مگر بل اتنا ہوتا ہے جیسے پورے سال کا بل یکمشت بھیج دیا گیا ہو، یہ کام ایک زبردست دماغ ہی کر سکتا ہے اور وہ آپ کے ہر دلعزیز وزیر اعظم شہباز شریف کا ہی ہے۔
بجلی کی مثال لے لیں، اکثر لوگوں نے سولر پینل لگوائے کہ حکومت مشکل سے بجلی پیدا کر پاتی ہے تو ہم حکومت کو سستی بجلی دے دیتے ہیں مگر حکومت نے ایسا فارمولہ بنایا ہے کہ سولر والے سے بارہ روپے فی یونٹ بجلی خرید کر اسے ہی چار گنا زیادہ یعنی 48روپے فی یونٹ میں فروخت کریں گے، اب ایسا زبردست فارمولہ بھی تو کوئی سائنسدان ہی بنا سکتا ہے۔ یہ لوگ حکومت کی سائنس سے جیلس ہیں جو کہتے ہیں کہ حکومت کو تو خوش ہونا چاہیے تھا کہ بجلی پیدا کرنا ہمارا کام ہے مگر یہ سولر پینل لگوانے والے لوگ کر رہے ہیں حالانکہ حکومت صرف ان غریب ملازمین کا خیال کر رہی ہے جنہیں مفت بجلی دی جاتی ہے۔ اب دیکھیں ناں جن غریب لوگوں کو مفت بجلی دی جاتی ان کا کیا قصور ہے اگر بجلی شہریوں نے بنائی ہے؟
اب اگر امیر لوگوں نے سولر پینل لگوائے ہیں تو حکومت بھی تو غریبوں کو بچانے کے لیے فی یونٹ قیمت بڑھائے گی ناں؟ یہ جھونپڑیوں اور مکانات پر یہ سوچ کر سولر لگوا رہے ہیں کہ یہ بجلی بلوں سے جان چھڑا لیں گے تو یہ ان کی بھول ہے، وہ لوگ جو بجلی چوری کر رہے ہیں یا جنہیں مفت بجلی یونٹ دئیے جاتے ہیں ان کے پیسے کون بھرے گا؟ وہ جو غریب ارب پتی آئی پی پیز ہیں جو بجلی پیدا نہیں کرتیں انہیں بھی تو کیپیسٹی چارجز کی ادائیگی کرنا ہوتی ہے، وہ اربوں روپے کہاں سے آئیں گے ظاہر ہے ان تین، پانچ، دس مرلہ کے محلات رکھنے والوں سے ہی وصول کیے جائیں گے ناں، اب یہ آئیڈیا بھی صرف اچھے بلکہ بہترین آئی کیو لیول والے شخص کے ذہن میں ہی آ سکتا ہے۔ بے شک اب سردیاں آ چکی ہیں مگر حکومت کی شبانہ روز محنت کے نتیجے میں بجلی کے بل الحمد للہ اتنے ہی آئیں گے جتنے گرمیوں میں آتے تھے۔ یہ کسی نیوٹن کے قانون سے کم نہیں ہو سکتے۔
پٹرول کے نرخ دیکھئے، 79برس میں کسی بھی چھوٹے آئی کیو لیول کی حکومت کے ذہن میں یہ اچھوتا خیال نہیں آیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت روزانہ کی بنیاد پر تبدیل کی جائیں، کسی کے ذہن میں یہ خیال نہیں آیا ہو گا کہ ایک روز میں بیس روپے اضافہ کیا گیا تو کمی ایک ایک، دو دو روپے کر کے کی جائے تاکہ بے چارے غریب پٹرولیم ڈیلرز کو نقصان نہ ہو جائے۔ یہ سب آئی کیو کا کمال نہیں تو کیا ہے؟
ان تمام چیزوں کو تو چھوڑئیے، سبزی کی قیمت پوچھنے جائیں تو چکر آ جاتے ہیں ایک ہفتے کی سبزی اب چار سے پانچ ہزار میں ملتی ہے۔ ٹماٹر کی قیمت 200روپے فی کلو سے کم ہو جائے تو دل بھر آتا ہے۔ پیاز پہلے کاٹتے ہوئے آنکھوں میں پانی آتا تھا اب خریدتے ہوئے بھی آنکھیں نم ہو جاتی ہیں۔ یہاں بینگن جسے کوئی پوچھتا بھی نہیں تھا وہ بھی اب اپنی رنگت پہ اترانے لگا ہے اور دو سو روپے کلو خریدنے والا کہنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ اے سبزی تو ۔۔ بینگن جیسی رنگت پہ اتراتی ہے یہ زیادتی ہے۔
آئی کیو لیول ہو تو ایسا ہو ورنہ نا ہو، دیکھیں ناں، جب قربانی مانگنی ہو تو عوام سے اور تنخواہیں بڑھائیں اراکین پارلیمنٹ کی، کتنا شاندار کفایت شعاری کا منصوبہ بنایا ہے کہ اخراجات بڑھ گئے ہیں، ایف بی آر اگر ٹیکس وصولی بہتر نہیں بنا سکتا تو بہترین آئی کیو لیول نے بتایا کہ پٹرولیم لیوی بڑھا دو، لیوی وصولی نے تمام سابقہ ریکارڈز توڑ دئیے۔۔ اگر بڑے صنعت کار ٹیکس نہیں دیتے تو کیا ہوا؟ اس کا علاج بھی ہے، ہم تنخواہ دار لوگوں کو مزید نچوڑیں گے، نیوٹن کا قانون کہتا ہی یہ ہے کہ ہر عمل کا رد عمل برابر ہی ہوتا ہے۔۔ اگر امیر ٹیکس نہ دیں تو غریب ردعمل میں زیادہ ٹیکس دے کر حساب برابر کر دیں گے۔۔ بے شک نیوٹن بے چارہ تو ایسی ہوشیاری کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا، اس لیے جیتے رہو میرے پیارے بھائی حذیفہ رحمان، لوگوں کی باتوں میں نہیں آنا، ایسے ہی سچ بولتے رہو مگر پلیز انباکس میں ہمیں ضرور بتانا کہ 128 روپے میں روٹی، سالن، سلاد اور کولڈ ڈرنک کہاں سے ملتی ہے، ہمیں تو دو سادہ روٹیاں پچاس کی ملتی ہیں، سالن کوئی بھی دو سو روپے سے کم نہیں ملتا۔ یا اس سستی روٹی کی سہولت کے لیے بھی نیوٹن کے برابر آئی کیو لیول کی ضرورت ہو گی؟۔۔
شہریاریاں ۔۔۔ شہریار خان
28نومبر 2026۔۔۔











