حافظ آباد (شوکت علی وٹو) تھانہ سٹی کے علاقے غوث کوٹ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں شرجیل ولد انور رشید نامی نوجوان نے گندم میں استعمال ہونے والی زہریلی گولیاں کھا لیں، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔
واقعے کے بعد نوجوان کا ایک ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے، جس میں اس نے اپنی بیوی، سالی اور ہم زلف پر مبینہ طور پر بلیک میلنگ، جائیداد پر قبضے اور ذہنی اذیت دینے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ نوجوان نے ویڈیو میں اپنی زندگی کے حالات اور شدید ذہنی پریشانیوں کا ذکر بھی کیا۔
نوجوان کی المناک موت سے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا، جبکہ والدہ اور دیگر اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔ غمزدہ والدہ اور لواحقین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوان کے ویڈیو بیان کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اس میں عائد کیے گئے الزامات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ واقعے کو محض خودکشی قرار دے کر نظرانداز نہ کیا جائے بلکہ ویڈیو بیان میں اٹھائے گئے تمام سوالات کا جائزہ لیا جائے اور اگر تحقیقات میں کوئی شخص ذمہ دار ثابت ہو تو اس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
متاثرہ خاندان نے حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعے کے اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔











