پیر,  23 نومبر 2026ء
مانچسٹر میں ہائی کمشنر پاکستان ٹیپو عثمان کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیہ، اہم شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت

رپورٹ: شیخ اعجاز افضل

مانچسٹر: قونصلیٹ جنرل آف پاکستان مانچسٹر کی جانب سے ہائی کمشنر آف پاکستان ٹیپو عثمان کے اعزاز میں ایک پُروقار اور پُرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں برطانیہ کی اہم سیاسی، سماجی اور عوامی شخصیات سمیت پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں اوورسیز پاکستانی کمیشن کے وائس چیئرمین و صوبائی وزیر بیرسٹر امجد ملک، ممبر پارلیمنٹ افضل خان، لارڈ میئر آف مانچسٹر کونسلر شوکت علی، لارڈ میئر آف وارنگٹن کونسلر صغیر ذمان، لارڈ میئر آف بری کونسلر طاہر رفیق، میئر آف راچڈیل کونسلر فیصل رانا، میئر آف پینڈل کونسلر ندیم اور تحریک حق خودارادیت کشمیر انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین سمیت دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر قونصل جنرل آف پاکستان مانچسٹر امتیاز فیروز گوندل نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ قونصلیٹ جنرل پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے لیے بھرپور انداز میں مصروفِ عمل ہے۔ پاکستانی شہریوں کو بہتر اور تیز تر سہولیات کی فراہمی کے لیے پاسپورٹ، نادرا اور ویزا سے متعلق اپائنٹمنٹس کی تعداد دوگنی کر دی گئی ہے تاکہ کمیونٹی کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

ہائی کمشنر آف پاکستان ٹیپو عثمان نے اپنے خطاب میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، بالخصوص تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے ٹریڈ ڈائیلاگ کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات، کامیابیوں اور پاکستان کے لیے ان کے مثبت کردار کو بھی سراہا اور انہیں پاکستان کا قابلِ فخر سرمایہ قرار دیا۔

تقریب کے انتظامات میں پاک یوکے فورم کے صدر چوہدری کریم نے اہم کردار ادا کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز ڈاکٹر یونس پرواز کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ سرور چشتی ثاقبی نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ثمینہ خان نے نہایت خوش اسلوبی اور احسن انداز میں انجام دیے۔

تقریب میں شریک معزز مہمانوں اور کمیونٹی رہنماؤں نے اس امر کا اظہار کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط سفارتی، تجارتی اور ثقافتی روابط کے فروغ میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس پُروقار تقریب نے پاکستانی کمیونٹی کو باہمی روابط اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ایک خوبصورت موقع فراہم کیا۔

مزید خبریں