بدھ,  18 نومبر 2026ء
نئی تاریخ رقم، وائجر 1 زمین سے ایک نوری دن کے فاصلے پر پہنچنے والا پہلا اسپیس کرافٹ بن گیا

واشگنٹں(روشن پاکستان نیوز) امریکی خلائی ادارے ناسا کے وائجر مشن نے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

یہ انسانوں کا تیار کردہ پہلا اسپیس کرافٹ بن گیا ہے جو زمین سے ایک نوری دن کے فاصلے پر پہنچ گیا ہے۔

1977 کو لانچ کیے جانے والے اسپیس کرافٹ نے 49 برس، 2 ماہ اور 11 دن تک لگ بھگ 38 ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے خلا میں سفر کرکے یہ سنگ میل طے کیا۔

پاکستانی وقت کے مطابق 18 نومبر کی سہ پہر 3 بج کر 16 منٹ پر وائجر 1 باضابطہ طور پر زمین سے ایک نوری دن دور پہنچ گیا۔

یعنی اگر اب روشنی کی رفتار سے سفر کیا جائے تو اس تک پہنچنے میں پورا ایک دن لگے گا جبکہ مجموعی طور پر وائجر 1 اب زمین سے 16 ارب میل کے فاصلے پر موجود ہے۔

ناسا کی Jet Propulsion لیبارٹری کو اس سنگ میل کی تصدیق کے لیے ایک دن درکار ہوگا جب اسے وائجر 1 کا سگنل موصول ہوگا۔

یہی وجہ ہے کہ ناسا کی جانب سے 19 نومبر کو ایک پریس بریفننگ کے دوران اس سنگ میل کے بارے میں بتایا جائے گا۔

وائجر پروگرام سے جڑے سائنسدان ایلن کمننگ کے مطابق یہ ایک بہت بڑا انجینئرنگ سنگ میل ہے۔

ٹرمپ کی ایران کو سخت دھمکی، واشنگٹن میں ’ڈرٹی بم‘ حملے کی اطلاعات پر انتباہ

ایلن کمنگ اس پروگرام کے ساتھ 1973 سے جڑے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ اصل کامیابی فاصلہ نہیں بلکہ رابطہ بدستور برقرار رہنا ہے۔

ناسا کے مطابق اسپیس کرافٹ تک ایک ریڈیو سگنل کو پہچنے میں پورا ایک دن لگتا ہے۔

وائجر 1 کو 5 ستمبر 1977 کو لانچ کیا گیا تھا اور اس نے چند ماہ کے دوران خود سے پہلے اگست میں خلا میں جانے والے وائجر 2 کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

ایلن کمنگ نے بتایا کہ اس کے بعد وائجر 1 کی جانب سے مشتری، زحل اور ان کے گرد گھومنے والے چاندوں کے بارے میں متعدد نئی تفصیلات فراہم کی گئیں۔

1980 میں وائجر 1 نے زحل کے ایک رِنگ اور 5 نئے چاند دریافت کیے تھے۔

2012 میں اس اسپیس کرافٹ نے نظام شمسی کی سرحد کو عبور کرلیا تھا اور یہ پہلا مشن تھا جس نے نظام شمسی کے حفاظتی غلاف سے باہر نکل کر براہ راست کہکشائی کائناتی شعاعوں کی پیمائش کی تھی۔

وائجر 1 میں 3 کمپیوٹرز موجود ہیں جو اسپیس کرافٹ کے سائنسی آلات سے تفصیلات اکٹھا کرتے ہیں اور پھر انہیں زمین پر منتقل کرتے ہیں۔

وائجر 2 کو ایک نوری دن کے فاصلے تک پہنچنے میں 2035 تک سفر جاری رکھنا ہوگا۔

وائجر اسپیس کرافٹس کے بارے میں شروع میں خیال کیا گیا تھا کہ ان کی زندگی 5 سال کی ہوگی، مگر اب وہ دونوں ہی سب سے زیادہ عرصے تک کام کرنے والے اسپیس کرافٹس بن چکے ہیں۔

ان دونوں کی بدولت سائنسدانوں کو نظام شمسی اور اس سے باہر کی قیمتی معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا۔

مزید خبریں