تحریر: وقار نسیم وامق
شاعری جب محض لفظوں کی آرائش سے بلند ہوکر قوموں کے ضمیر کی آواز بن جائے اور فکر جب انسانی شعور کو نئی جہت عطا کرنے لگے تو تاریخ ایسے نابغۂ روزگار کو شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے نام سے یاد کرتی ہے۔ اقبال ایک ایسے عظیم شاعر تھے جن کے فکروفن نے خوابوں کو تعبیر کا راستہ دکھایا اور ایک ایسے مفکر جنہوں نے فلسفۂ خودی، حریتِ فکر اور مردِ مومن کے تصور سے انسان کو اپنی ذات، اپنی قوت اور اپنی اجتماعی ذمہ داریوں کا عرفان بخشا۔ اقبال کی شاعری میں عشق کی حرارت، فلسفے کی گہرائی اور انقلاب کی تڑپ یکجا ہے۔ وہ صرف اپنے عہد کے ترجمان نہیں تھے بلکہ آنے والی نسلوں کے فکری رہنما بھی ہیں۔ اقبال کو پڑھنا دراصل خود کو، اپنی تاریخ کو اور اپنے مستقبل کو دریافت کرنا ہے۔
علامہ محمد اقبال محض شاعر نہیں، ایک عہد ساز مفکر تھے جنہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خودداری، آزادیِ فکر اور اجتماعی بیداری کا شعور پیدا کیا اور نظریہ پاکستان کی بنیاد رکھی۔ اقبال کا پیغام آج بھی قوموں کو اپنی شناخت پہچاننے، اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہونے اور مستقبل کی تعمیر کا حوصلہ دیتا ہے۔ ان کے نزدیک زندہ قومیں اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرتی ہیں۔
اسی فکری تناظر میں پاکستان پیپلز پارٹی ریاض ریجن کی جانب سے یومِ اقبال کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد قابلِ تحسین ہے۔ اس تقریب نے ثابت کیا کہ سیاست اگر ادب، فکر اور قومی شعور سے جڑ جائے تو اس کا دائرہ محض سیاسی سرگرمیوں سے کہیں وسیع ہو جاتا ہے۔
تقریب کا ادبی حسن عالمی حلقہء فکروفن کے معروف شاعر سید طیب رضا کاظمی کی گفتگو سے دوبالا ہوا۔ انہوں نے اپنے مخصوص ادبی اسلوب اور دل نشین پیرائے میں اقبال کے شعری وجدان اور فلسفۂ خودی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ ان کی گفتگو میں ادب کی لطافت اور فکر کی گہرائی نمایاں تھی۔
اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی مڈل ایسٹ کے جنرل سیکرٹری خالد رانا نے اقبال کے افکار کو سیاسی شعور، جمہوریت، قومی خودمختاری اور عوامی جدوجہد کے تناظر میں پیش کرتے ہوئے اپنی سیاسی دانشوری کا بھرپور اظہار کیا۔ ان کی گفتگو نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ اقبال کو سمجھنے کے لیے ان کے کلام کے ساتھ ان کے نظریات کو عملی زندگی سے جوڑنا بھی ضروری ہے۔
تقریب کی نظامت پیپلز پارٹی وومن ونگ کی سیکرٹری جنرل فرح احسن نے نہایت اعتماد، سلیقے اور برجستگی سے انجام دی۔ ان کی باکمال نظامت نے محفل کے تسلسل اور نظم و ضبط کو برقرار رکھا۔ جبکہ صدر پاکستان پیپلز پارٹی ریاض ریجن احسن عباسی کا بطورِ خاص ذکر ضروری ہے، جن کی قیادت اور سرپرستی میں اس نوعیت کی فکری و ادبی سرگرمی کا انعقاد ممکن ہوا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ جمہوریت، عوامی حقوق اور سماجی انصاف کی جدوجہد سے عبارت ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عام آدمی کو سیاسی شعور اور شناخت دی، جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوری استقامت اور عوامی حقوق کی جدوجہد کو اپنی قربانیوں سے نئی معنویت عطا کی۔ یہ سیاسی ورثہ آج بھی جماعت کے لیے ایک نظریاتی ذمہ داری ہے۔
دیارِ غیر میں ایسی تقریبات کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے کیونکہ یہ قومی شناخت، تہذیبی وابستگی اور نئی نسل میں فکری شعور کی آبیاری کا ذریعہ بنتی ہیں۔ سیاست کو ادب سے، تنظیم کو نظریے سے اور اجتماع کو اجتماعی شعور سے جوڑنا ہی ایسی سرگرمیوں کا اصل حاصل ہے۔
اقبال نے فرد کو خودی کا شعور دیا، بھٹو نے عوام کو سیاسی آواز دی اور بے نظیر بھٹو نے جمہوری جدوجہد کو اپنی استقامت سے نئی تاریخ عطا کی۔ ان حوالوں کا مشترکہ پیغام یہی ہے کہ قوموں کی تعمیر کا راستہ شعور، کردار اور مسلسل جدوجہد سے ہو کر گزرتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی ریاض ریجن کو یومِ اقبال کی اس شاندار تقریب پر دلی مبارک باد، بلاشبہ ایسی محفلیں سیاست کو فکری رجحان اور قومی زندگی کو نئی توانائی عطا کرتی ہیں۔











