تہران(روشن پاکستان نیوز) ایران کی بحریہ اور پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے بعد ان میں آگ لگ گئی۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ جہاز مبینہ طور پر اجازت کے بغیر آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دو آئل ٹینکرز نے اپنے ریڈار اور مقام کی نشاندہی کرنے والے نظام بند کر رکھے تھے اور خفیہ طور پر غیر مجاز راستے سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ بیان کے مطابق دونوں جہاز بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد دھماکے سے آگ کی لپیٹ میں آگئے۔
ایران کی روایتی بحریہ نے الگ بیان میں کہا کہ ایک اور آئل ٹینکر آبنائے ہرمز کے مشرق میں واقع غیر محفوظ اور ممنوعہ قرار دیے گئے علاقے سے گزر رہا تھا۔ اس جہاز کے ٹریکنگ اور شناختی نظام بھی بند تھے۔
دوبارہ حملہ ہوا تو یورپ میں موجود امریکی اڈوں کو بھی نشانہ بنائیں گے: ایران کا انتباہ
ایرانی بحریہ کے مطابق تیسرا جہاز بھی بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ کی زد میں آگیا اور اسے اپنا سفر روکنا پڑا۔
ایران نے فروری میں امریکا کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کے لیے اپنی اجازت کو ضروری قرار دے رکھا ہے۔ تہران کا مؤقف ہے کہ غیر مجاز طریقے سے گزرنے والے جہازوں کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔
تاہم ایرانی حکام کے ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ متاثرہ آئل ٹینکروں کے نام، ان پر موجود عملے کی صورت حال اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق بھی فوری طور پر تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔











