بیجنگ(روشن پاکستان نیوز) چین میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول سمیت عالمی سطح پر اہمیت کے حامل معاملات زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔
امریکی جریدے نیویارک پوسٹ کے مطابق تینوں عالمی رہنماؤں کی ملاقات جمعرات کو چین کے شہر شینزن میں ہونے کا امکان ہے۔ مجوزہ ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق امور پر بات چیت متوقع ہے، جبکہ شمالی کوریا، یوکرین اور ایران کی صورت حال بھی گفتگو کا اہم حصہ ہو سکتی ہے۔
تین بڑی عالمی طاقتوں کے سربراہان کے درمیان اس ممکنہ ملاقات کو دوسری جنگ عظیم کے بعد 1945 میں ہونے والی تاریخی یالٹا کانفرنس سے جوڑا جا رہا ہے۔
اس کانفرنس میں اس وقت کے امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ، برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل اور سوویت رہنما جوزف اسٹالن نے شرکت کی تھی، جہاں جنگ کے بعد یورپ کی نئی سرحدوں اور سیاسی انتظام سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے تھے۔
ایران پر دوبارہ حملوں کا امکان کم ہے، جنگ کے خاتمےکیلئے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے: ٹرمپ
دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بھی ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی متوقع ملاقات کا موازنہ یالٹا کانفرنس سے کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
زیلنسکی کا کہنا ہے کہ شینزن میں ہونے والی یہ ملاقات اکیسویں صدی کے لیے یالٹا طرز پر عالمی اثر و رسوخ کے دائروں کی نئی تقسیم کا معاہدہ ثابت ہو سکتی ہے۔
ان کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرین کو خدشہ ہے کہ تین بڑی طاقتوں کے سربراہان کے درمیان ہونے والی ممکنہ بات چیت میں ایسے فیصلے کیے جا سکتے ہیں جو عالمی سیاست اور یوکرین سمیت دیگر ممالک کے مستقبل پر اثر انداز ہوں۔
تاہم تینوں صدور کی اس ملاقات کے باضابطہ انعقاد اور اس کے ایجنڈے سے متعلق حتمی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔











