اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ہائر ایجوکیشن کمیشن نے تعلیمی دستاویزات کی تصدیق کے نام پر شہریوں کو دھوکا دینے والے جعلی ایجنٹس سے خبردار کرتے ہوئے عوام کو اپنی ذاتی اور تعلیمی معلومات کسی غیر متعلقہ شخص کے ساتھ شیئر نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ عوامی انتباہ میں بتایا گیا ہے کہ بعض افراد خود کو دستاویزات کی تصدیق کے لیے مجاز ایجنٹ ظاہر کرکے درخواست گزاروں کو کمیشن سے تعلیمی اسناد اور دیگر دستاویزات کی تصدیق کرانے میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کررہے ہیں۔
پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے گیارہویں جماعت کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا
کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ایسے افراد کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات دھوکا دہی کا ذریعہ بن سکتی ہیں، لہٰذا شہری انتہائی محتاط رہیں اور اپنی ذاتی معلومات، تعلیمی کوائف اور دستاویزات غیر متعلقہ افراد کے حوالے کرنے سے گریز کریں۔
ایچ ای سی کے مطابق تعلیمی دستاویزات کی تصدیق کا پورا طریقہ کار آن لائن اور پیپر لیس ہے، جس کے ذریعے درخواست گزار گھر بیٹھے سہولت کے ساتھ اپنی دستاویزات کی تصدیق کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
کمیشن نے درخواست گزاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی ایجنٹ یا درمیانی شخص کی خدمات حاصل کرنے کے بجائے خود ایچ ای سی کی سرکاری ویب سائٹ پر موجود ہدایات کے مطابق تصدیق کا عمل مکمل کریں۔
تعلیمی دستاویزات کی تصدیق سے متعلق معلومات اور درخواست کے لیے ایچ ای سی کی ویب سائٹ www.hec.gov.pk استعمال کی جاسکتی ہے، جبکہ آن لائن معاونت کے لیے ہیلپ ڈیسک بھی دستیاب ہے۔
شہری مزید رہنمائی کے لیے ایچ ای سی کے نمبرز 051-111-119-432 یا 0334-1119432 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔










